لاہور (پنجاب پوسٹ) لاہور ہائیکورٹ نے قرار دیا ہے کہ تمام قانونی تقاضے پورے ہونے کے بعد متعلقہ محکموں کی جانب سے اضافی فیس کا مطالبہ غیر قانونی ہے۔ عدالت نے واضح کیا کہ کسی قانون کا ماضی سے اطلاق کرکے شہریوں پر نیا مالی بوجھ نہیں ڈالا جا سکتا، جبکہ شہریوں کے حقوق کا تعین تنازع کے وقت نافذ قانون کے مطابق کیا جائے گا۔
جسٹس جواد حسن نے شہری میان عباس احمد کی کمرشل سائٹ پلان سے متعلق رٹ پٹیشن منظور کرتے ہوئے چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن ملتان کا حکم کالعدم قرار دے دیا۔
درخواست گزار کے مطابق انہوں نے 2005 میں کمرشل سائٹ پلان کے لیے درخواست دی تھی، تاہم میونسپل کارپوریشن ملتان نے قانونی جواز کے بغیر ان کی درخواست مسترد کر دی۔ عدالت نے سرکاری اور ماتحت اداروں کے لیے فیصلوں میں ٹھوس قانونی وجوہات بیان کرنا لازمی قرار دیا۔ جسٹس جواد حسن نے اس حوالے سے سات صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔











