مظفرگڑھ (پنجاب پوسٹ) ملتان میں کار کے ذریعے بچے کو کچلنے والے ملزم کی پولیس مقابلے میں ہلاکت کے بعد وسیم عباس کی والدہ نے پنجاب پوسٹ سے گفتگو کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ انہیں قاتل کی تصویر دکھائی جائے کہ وہ کیسے تڑپ تڑپ کر مرا۔
وسیم عباس کی رسم قل خوانی موضع دولت پور میں ادا کی گئی، جس میں سول سوسائٹی کے ارکان اور اہل علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
وسیم عباس کی والدہ نے روتے ہوئے کہا کہ جیسے میرے بیٹے کو تڑپا کر مارا گیا، مجھے دکھاؤ کہ اس کا قاتل کیسے تڑپتے ہوئے مرا۔ بیٹے کی موت کے بعد مجھے سکون نہیں آتا، اگر میں قاتل کو اپنے سامنے اپنے بیٹے کی طرح تڑپتا دیکھتی تو مجھے سکون ملتا۔
والدہ نے مطالبہ کیا کہ انہیں ملزم کی موت کی تصاویر یا ویڈیوز دکھائی جائیں تاکہ وہ اسے تڑپتے ہوئے دیکھ سکیں۔
وسیم عباس کے چچا جعفر حسین نے کہا کہ انہیں سوشل میڈیا ویڈیوز کے ذریعے ملزم کے پولیس مقابلے میں مارے جانے کی خبر ملی۔ انہوں نے جلد انصاف فراہم کرنے پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا شکریہ ادا کیا۔











