لاہور(پنجاب پوسٹ)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کینئرڈ کالج کے 89ویں کانووکیشن میں خصوصی شرکت کی۔ ان کی آمد پر کالج کی طالبات نے بھرپور جوش و خروش کا مظاہرہ کیا۔ کینئرڈ کالج بورڈ آف گورنرز کے چیئرمین نے روایت کے مطابق تقریب شروع کرنے کی رسمی اجازت دی، جس کے بعد کالج کے روایتی ترانے کے ساتھ پرچم بردار طالبات کی آمد سے تقریب کا باقاعدہ آغاز ہوا۔
چیئرمین بورڈ آف گورنرز بشپ الیگزینڈر جان ملک نے اپنے خطاب میں مریم نواز شریف کو خواتین کے لیے رول ماڈل قرار دیا اور خواتین، بالخصوص طالبات کے لیے ان کے اقدامات کو سراہا۔ پرنسپل ارم انجم نے وزیراعلیٰ کا خیرمقدم کیا، جبکہ کالج کی ہیڈ گرل نے طالبات کی نمائندگی کرتے ہوئے انہیں خوش آمدید کہا اور اپنے تاثرات پیش کیے۔ تقریب کے دوران طالبات نے ”پاک وطن تیری دھرتی ماں جیسی” کے عنوان سے خصوصی نغمہ بھی پیش کیا۔
تدریسی شعبہ جات کے سربراہان نے طلبہ کی ڈگریوں کی توثیق کا باضابطہ اعلان کیا، جس کے بعد وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے بی ایس اور ایم فل کی پوزیشن ہولڈر طالبات کو گولڈ میڈل پہنائے اور ڈگریاں عطا کیں۔ اس موقع پر انہوں نے خصوصی طالبہ ماہین گل سے اظہارِ شفقت کیا تو پنڈال تالیوں سے گونج اٹھا۔ وزیراعلیٰ نے گولڈ میڈل حاصل کرنے والی طالبات کے والدین کو بھی مبارکباد پیش کی، جبکہ شاندار تدریسی اور تحقیقی خدمات انجام دینے پر اساتذہ کرام کو ایوارڈز بھی دیے گئے۔
میڈل حاصل کرنے والی طالبات میں میڈیا سٹڈیز کی شمائل کو منگت رائے میڈل، کیمسٹری کی طیبہ اختر کو میر فیلبس میڈل، فائن آرٹس کی شیزہ علی کو رخسانہ ڈیورڈ میڈل اور فزکس کی حفضہ رحمان کو بوسویل میڈل دیا گیا۔ سائیکالوجی کی فاطمہ اعجاز کو اسماء جمیل میڈل، میڈیا سٹڈیز کی مناہل اظہر کو لیلیٰ نجم الدین میڈل، سپورٹس کی خدیجہ عاصم کو آؤٹ سٹینڈنگ میڈل، لا کی عائشہ خان کو عاصمہ جہانگیر میڈل اور ایجوکیشن کی آئینہ رحمان کو فرسٹ پوزیشن میڈل سے نوازا گیا۔ وزیراعلیٰ نے سوشل سائنسز کے لیے فضاء نواز، انوائرمنٹل سائنس کے لیے رابعہ ساجد، فوڈ سائنس کی مناہل عبداللہ اور ماہین گل کو گولڈ میڈل دیے۔
ایم فل کی سطح پر لائیو سائنسز کا میڈل فرحین ناصر، میتھ اینڈ فزیکل سائنسز کا میڈل ملائکہ طارق، آرٹس کا میڈل مریم طارق اور سوشل سائنسز کا میڈل اقرا وردہ یاسین کو دیا گیا۔












