لاہور (پنجاب پوسٹ) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ 23 اکتوبر کو اسلام آباد سپر لانگ مارچ کے تیسرے مرحلے کا آغاز ہوگا، جبکہ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کی کال پر ملک بھر میں ضلعی ہیڈکوارٹرز پر پُرامن احتجاج کیا جائے گا۔
لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ لانگ مارچ کے تیسرے مرحلے کے آغاز کے ساتھ ملک گیر احتجاج کی کال بروقت اقدام ہے۔ رانا ثناء اللہ اور احسن اقبال نے تجویز دی تھی کہ وزیراعظم شہباز شریف اور امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کی ملاقات سے پہلے دونوں مذاکراتی کمیٹیوں کے نمائندے مل بیٹھیں اور مذاکرات کی سفارشات کو حتمی شکل دیں۔
انہوں نے کہا کہ تاحال حکومتی مذاکراتی کمیٹی کی جانب سے اس معاملے میں پیش رفت کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔ جماعت اسلامی پیٹرول پر فی لیٹر لیوی کے خاتمے اور عوام کو ریلیف دلانے کے لیے جدوجہد کر رہی ہے اور اپنے اصولی مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹے گی۔













