لاہور (پنجاب پوسٹ)امریکی شہریوں سے 35 ارب روپے کا فراڈ کرنیوالے خانیوال کے رہائشی کیخلاف این سی سی آئی اے نے بڑی کامیابی حاصل کرلی ہے۔
صوبائی دارالحکومت میں منگل کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایڈیشل ڈائریکٹر لاہور زون عاطف امیر نے بتایا کہ ملزم اگست 2023 سے ستمبر 2026 تک LabelsBank.com کے نام سے ویب سائٹ چلا رہا تھا، جہاں پانچ ملین سے زائد جعلی امریکی ڈاک ٹکٹ فروخت کیے گئے۔- فی ٹکٹ دو امریکی ڈالر وصول کیے گئے، جبکہ مجموعی مالیت پاکستانی کرنسی میں تقریباً 35 ارب روپے بتائی گئی ہے۔- تحقیقات میں کاروبار کے لیے 16 بینک اکاؤنٹس استعمال کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ جن میں ملزم کے اپنے ، اس کے بھائی، اہلیہ، بہن اور خالہ کے اکاؤنٹس شامل ہیں۔این سی سی آئی نے اس – کیس میں ایف آئی آر نمبر 246/2026 درج کی ہے۔
تحقیقات کے سلسلے میں پنجاب، اسلام آباد اور سندھ میں آٹھ خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئیں ہیں ۔ جنہوں نے 35 مقامات پر چھاپے مارے اور 47 افراد سے پوچھ گچھ کی۔ تفتیشی ٹیموں نے مصنوعی ذہانت سمیت جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے 122 کال ڈیٹا ریکارڈز، 50 آئی ایم ای آئی ٹریکنگ رپورٹس اور 120 کیمروں کی ویڈیو و آڈیو ریکارڈنگ کا تجزیہ کیا۔-
ملزم کا سراغ لگانے کے لیے دس روز تک لوکیٹر آپریشن بھی جاری رہا۔- کیس کی مؤثر اور جامع تحقیقات کے لیے ایڈیشنل ڈائریکٹر این سی سی آئی اے لاہور زون عاطف امیر نے ایک مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (Combined Investigation Team) تشکیل دی ہے۔- مشترکہ تحقیقاتی ٹیم میں ڈپٹی ڈائریکٹر وقاص سعید، ڈپٹی ڈائریکٹر حسن، ایس ایچ او نجم باجوہ، سب انسپکٹر نبیل اور سب انسپکٹر تنویر شامل ہیں۔- مشترکہ تحقیقاتی ٹیم جعلی ڈاک ٹکٹوں کی فروخت، مالی لین دین اور اس نیٹ ورک سے منسلک دیگر افراد کے کردار کی مزید چھان بین کرے گی۔
دوسری جانب این سی سی آئی اے لاہور زون نے غیر قانونی کال سینٹرز کے خلاف تین مختلف مقامات پر کارروائیاں کرتے ہوئے 59 افراد کو گرفتار کیا، جن میں 52 مرد اور 7 خواتین شامل ہیں۔ کارروائیوں کے دوران 27 لیپ ٹاپ، 30 کمپیوٹر سسٹمز اور 47 موبائل فون بھی برآمد کیے گئے۔
پہلے مقدمے میں 30 افراد کو گرفتار کیا گیا، جن پر اے ٹی اینڈ ٹی اور ویریزون جیسی امریکی ٹیلی کام کمپنیوں کے نمائندے بن کر صارفین کو موبائل اپ گریڈ، رعایتی نیٹ ورک پیکجز اور خصوصی سم آفرز کے نام پر دھوکا دینے کا الزام ہے۔
دوسرے مقدمے میں 14 افراد گرفتار کیے گئے، جن پر اوبر ایٹس سے منسلک ریسٹورنٹس کی ادائیگیوں سے متعلق اکاؤنٹس کی تفصیلات اور تصدیقی کوڈز حاصل کرکے رقوم دوسرے اکاؤنٹس میں منتقل کرنے کا الزام ہے۔
تیسرے مقدمے میں مزید 15 افراد کو گرفتار کیا گیا، جن پر امریکی شہریوں کو جعلی موبائل ڈیلز اور رعایتی پیکجز کی پیشکش کرکے مالی فراڈ کرنے کا الزام ہے۔
این سی سی آئی اے لاہور زون کے ایڈیشنل ڈائریکٹر عاطف امیر کی نگرانی میں کی جانے والی ان کارروائیوں کے بعد برآمد کیے گئے ڈیجیٹل آلات کی مدد سے تحقیقات جاری ہیں، جبکہ سائبر کرائم اور آن لائن مالی فراڈ میں ملوث نیٹ ورکس کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جا رہی ہیں۔













