لاہور (پنجاب پوسٹ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیرِ صدارت خصوصی اجلاس میں صوبے کے دیہات کو مثالی گاؤں بنانے کے منصوبے پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، جبکہ پنجاب میں خوشحال دیہات ایکٹ 2026 متعارف کرانے اور ابتدائی طور پر 120 دیہات میں پائلٹ پراجیکٹ شروع کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
منصوبے کے تحت ہر گاؤں میں عوامی نمائندوں کی مشاورت سے ویلج کمیٹی قائم کی جائے گی، جس کی سربراہی متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر کریں گے، جبکہ ڈپٹی کمشنر تمام ویلج کمیٹیوں اور منصوبے کی نگرانی کریں گے۔ ویلج کمیٹی میں چار عوامی اور چار سرکاری نمائندے شامل ہوں گے۔ کمیٹی میں ہیڈ ٹیچر، سیکرٹری یونین کونسل، بنیادی مرکز صحت یا مریم نواز ہیلتھ کلینک کے ڈاکٹر سمیت دیگر متعلقہ افراد بھی شامل ہوں گے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ویلج کمیٹیوں کی فوری تشکیل اور منصوبے کا پلان طلب کر لیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ہر گاؤں میں سیوریج، ڈرینج اور پختہ گلیوں کی تعمیر کی جائے گی، جبکہ ارکان اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز اپنے متعلقہ گاؤں میں ترقیاتی منصوبوں کے نگہبان ہوں گے۔
مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ ترقی اب صرف بڑے شہروں تک محدود نہیں رہے گی بلکہ اس کے ثمرات ہر گاؤں تک پہنچیں گے۔ دیہات کی ترقی میں مقامی لوگوں کی مشاورت شامل کی جائے گی اور منصوبوں میں معیار و شفافیت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔
وزیراعلیٰ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پنجاب کے تمام دیہات کو مثالی گاؤں بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے اور وہ دن دور نہیں جب صوبے کا ہر گاؤں ایک مثال بنے گا۔













