لاہور(پنجاب پوسٹ)چیف ایگزیکٹو آفیسر لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ نے لاہور کے چاروں آپریشن سرکلز کا دورہ کیا، جہاں ناردرن، ایسٹرن، سدرن اور سینٹرل سرکل میں ان کی زیرِ صدارت اہم اجلاس منعقد ہوئے۔
ترجمان لیسکو کے مطابق اجلاسوں میں ریکوری، لائن لاسز اور آئندہ ماہ کے بلنگ اہداف کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ متعلقہ سپرنٹنڈنگ انجینئرز اور افسران نے سرکلز کی کارکردگی اور جاری اقدامات پر چیف ایگزیکٹو آفیسر کو بریفنگ دی۔
چیف ایگزیکٹو آفیسر نے ریکوری کے مقررہ اہداف کے حصول اور لائن لاسز میں کمی کے لیے مؤثر اقدامات کی ہدایت کی۔ انہوں نے آئندہ ماہ کے بلنگ اہداف کے حصول کے لیے پیشگی منصوبہ بندی اور کارکردگی کی مسلسل نگرانی پر زور دیا۔
انجینئر محمد رمضان بٹ نے اوور بلنگ کی روک تھام اور درست میٹر ریڈنگ یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ صارفین کی شکایات کا بروقت ازالہ اور معیاری خدمات کی فراہمی افسران کی ترجیحات میں شامل ہونی چاہیے۔
انہوں نے تمام متعلقہ افسران کے درمیان مؤثر رابطے اور ٹیم ورک کے ذریعے کارکردگی بہتر بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ افسران ذمہ داری اور پیشہ ورانہ صلاحیت کے ساتھ مقررہ اہداف کا حصول یقینی بنائیں۔











