لاہور (پنجاب پوسٹ)چیئرمین غزالی سلیم بٹ کی زیر صدارت ہارٹیکلچر ایجنسی لاہور (پی ایچ اے) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا دوسرا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں مینجنگ ڈائریکٹر احمد عثمان جاوید، ایڈیشنل مینجنگ ڈائریکٹرز، ہاؤسنگ، فنانس اور پی اینڈ ڈی سمیت محکمانہ نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں ایجنسی کے مختلف ڈائریکٹوریٹس کے ایجنڈے زیر غور لائے گئے۔
بجٹ اور مالیاتی فیصلے
بورڈ نے مالی سال 2026-27 کے لیے پی ایچ اے کا 9.6 ارب روپے کا بجٹ منظور کر دیا۔ گل داؤدی نمائش 2027 کے لیے 50 ملین روپے مختص کیے گئے۔ اجلاس میں پی ایچ اے کو ڈیپازٹ ورکس پر 12.5 فیصد اسٹینڈرڈ چارجز وصول کرنے کا مجاز قرار دیا گیا۔ آؤٹ ڈور ایڈورٹائزمنٹ کے ریٹس میں 5 فیصد جبکہ تقریبات کے لیے پارکوں کی بکنگ کے نرخوں میں 10 فیصد اضافے کی منظوری دی گئی۔
انتظامی اصلاحات
بورڈ آف ڈائریکٹرز نے حکومت پنجاب کے سروس رولز، پنشن رولز اور پیڈا ایکٹ اپنانے کی سفارش کی۔ اے ایم ڈی ہیڈ کوارٹر کے عہدے کا نام تبدیل کر کے اے ایم ڈی آپریشنز رکھا جائے گا، جبکہ پراجیکٹ ڈائریکٹر کے عہدے کا نام ڈائریکٹر ہارٹیکلچر رکھنے کی سفارش کی گئی۔ لیز کی خلاف ورزی کی صورت میں جرمانہ عائد کرنے کا اختیار ڈائریکٹر کوآرڈی نیشن کو دے دیا گیا۔
پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اور ترقیاتی منصوبے
اجلاس میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت فاطمہ جناح پارک شادمان کو کریسنٹ سکول کے زیر انتظام دینے کی منظوری دی گئی۔ پارکوں میں اسی شراکت داری کے تحت ایگزیکٹو واش رومز تعمیر کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ گریٹر اقبال پارک میں سینما اور اوپن تھیٹر کرائے پر دینے کی منظوری دی گئی۔
عملے اور گاڑیوں سے متعلق فیصلے
فیلڈ اسٹاف اور سکیورٹی اسٹاف کو یکساں یونیفارم فراہم کیا جائے گا۔ فیلڈ آپریشنز کے لیے استعمال ہونے والی گاڑیوں کی ضروری ڈینٹنگ اور پینٹنگ کروانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔










