لاہور (پنجاب پوسٹ)حکومت پنجاب نے شہریوں کی نجی زندگی اور ذاتی معلومات کے تحفظ کے لیے جاسوسی کے آلات پر مکمل پابندی عائد کرنے کا اہم فیصلہ کیا ہے۔ ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق یہ فیصلہ صوبے بھر میں فوری طور پر مؤثر العمل ہوگا۔
ترجمان کے مطابق خفیہ کیمروں اور ریکارڈنگ آلات سے لیس عینکوں، پین، گھڑیوں اور دیگر روزمرہ استعمال کی اشیاء پر مکمل پابندی ہوگی۔ ایسے آلات کے استعمال، خرید و فروخت اور ذخیرہ کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
ترجمان نے بتایا کہ خاص طور پر خواتین اور بچوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے یہ قدم اٹھایا گیا ہے۔ جاسوسی کے آلات کے ذریعے غیر قانونی نگرانی، ہراسانی اور بلیک میلنگ کی شکایات سامنے آئی ہیں، جس کے بعد حکومت نے اس معاملے پر فوری ایکشن لینے کا فیصلہ کیا۔
ترجمان محکمہ داخلہ کا کہنا تھا کہ حکومتِ پنجاب شہریوں کے بنیادی حقوق، نجی معلومات اور ذاتی زندگی کے تحفظ کے لیے متحرک ہے۔ خفیہ کیمروں سے لیس روزمرہ استعمال کی اشیاء کے غیر قانونی استعمال پر سخت سزائیں دی جائیں گی۔










