لاہور (پنجاب پوسٹ) پاکستان کرکٹ بورڈ نے 25 اکتوبر کو پاکستان اور انگلینڈ کےدرمیان ون ڈے انٹرنیشنل میچ کو چھاتی کے سرطان سے آگاہی کے لیے مختص کرنےکا اعلان کیا ہے، لاہور کےقذافی اسٹیڈیم میں پنک ربن مہم کے تحت خصوصی سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے گا۔
پی سی بی کےمطابق قومی کرکٹ ٹیم انگلینڈ کےخلاف میچ میں خصوصی گلابی کٹ پہنے گی، انگلینڈ کی ٹیم،میچ آفیشلز اور کمنٹیٹرز کو بھی گلابی ربن پہننےکی دعوت دی جائے گی،میچ میں پنک اسٹمپس استعمال ہونگی اور اسٹیڈیم کی اسکرینز اور ایل ای ڈی بورڈز پر آگاہی پیغامات نشر کیے جائیں گے۔
میچ شروع ہونے سے دوگھنٹے قبل پنک ربن مہم کی خصوصی سرگرمیاں شروع ہوں گی، پاکستانی کرکٹرز ویڈیو پیغامات کے ذریعے چھاتی کے سرطان کی بروقت تشخیص اور علاج کی اہمیت اجاگر کریں گے۔
پی سی بی نے آگاہی مہم کے لیےخصوصی گلابی شرٹس بھی متعارف کروا دی ہیں، جو 19 اکتوبر سے قذافی اسٹیڈیم میں پی سی بی مرچنڈائز شاپ اور آن لائن دستیاب ہوں گی۔
دوسری جانب پنک ربن بریسٹ کینسر ٹرسٹ ہسپتال لاہور میں 24 اور 26 اکتوبر کو شائقین کے لیے مفت اسکریننگ کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سمیر احمد سید کا کہنا ہے کہ کرکٹ کی مقبولیت کو چھاتی کے سرطان سے آگاہی، بروقت تشخیص اور علاج کا پیغام عام کرنے کے لیے استعمال کرنا چاہتے ہیں۔
پی سی بی کے ڈائریکٹر کمرشل علی عدنان زیدی نے شائقین پر زور دیا کہ وہ پنک ربن مہم کا حصہ بنیں اور اسکریننگ اور بروقت تشخیص کا پیغام اپنے خاندانوں اور معاشرے تک پہنچائیں۔
پنک ربن پاکستان کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عمر آفتاب کے مطابق پی سی بی کے اشتراک سے لاکھوں افراد تک آگاہی کا پیغام پہنچانے اور مستحق خواتین کے علاج میں معاونت کا موقع ملے گا۔












