اسلام آباد (پنجاب پوسٹ) سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کے مطابق ستمبر 2026 میں ملک بھر میں 5,241 نئی کمپنیاں رجسٹر کی گئیں، جس کے بعد پاکستان میں رجسٹرڈ کمپنیوں کی مجموعی تعداد 3 لاکھ 17 ہزار 2 ہو گئی۔ ایس ای سی پی کے مطابق نئی کمپنیوں کی 99.9 فیصد رجسٹریشنز آن لائن مکمل کی گئیں۔
نئی رجسٹریشنز میں 3,013 پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنیاں، 2,058 سنگل ممبر کمپنیاں، 127 لمیٹڈ لائیبیلٹی پارٹنرشپس (ایل ایل پی)، 29 نان پرافٹ کمپنیاں، 10 پبلک کمپنیاں، 2 تجارتی تنظیمیں اور 2 غیر ملکی کمپنیاں شامل ہیں۔

علاقائی اعتبار سے پنجاب 2,740 نئی کمپنیوں کی رجسٹریشن کے ساتھ سرفہرست رہا، جبکہ اسلام آباد میں 1,009، سندھ میں 790، خیبر پختونخوا میں 428، گلگت بلتستان میں 169 اور بلوچستان میں 105 کمپنیاں رجسٹر ہوئیں۔
شعبہ وار اعداد و شمار کے مطابق انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) کا شعبہ 920 نئی کمپنیوں کے ساتھ پہلے نمبر پر رہا۔ ٹریڈنگ میں 808، سروسز میں 599، کنسٹرکشن میں 339، فوڈ میں 239، ٹورزم میں 222 اور ریئل اسٹیٹ میں 193 کمپنیاں رجسٹر کی گئیں۔
اسی طرح ایجوکیشن کے شعبے میں 189، ای کامرس میں 179 اور مائننگ میں 127 نئی کمپنیاں قائم ہوئیں، جبکہ دیگر شعبوں میں مجموعی طور پر 1,426 کمپنیوں کی رجسٹریشن کی گئی۔
ایس ای سی پی کے مطابق ستمبر کے دوران 167 غیر ملکی سرمایہ کاروں نے بھی کمپنیوں کی رجسٹریشن میں حصہ لیا، جن میں چین 113 سرمایہ کاروں کے ساتھ سرفہرست رہا۔
اعداد و شمار کے مطابق کمپنیوں کے شیئر ہولڈرز اور ڈائریکٹرز میں خواتین کا تناسب 14 فیصد، الٹیمیٹ بینیفیشل اونرز میں 11 فیصد اور چیف ایگزیکٹوز کے عہدوں پر خواتین کی نمائندگی 8 فیصد رہی۔

چیئرمین ایس ای سی پی ڈاکٹر کبیر احمد سدھو نے کہا کہ کمپنی کی رجسٹریشن ایک منظم معیشت کی تشکیل کی جانب اہم قدم ہے۔ رجسٹریشن کے عمل کو مزید آسان بنایا جا رہا ہے تاکہ کاروباری سرگرمیوں اور معاشی ترقی کو فروغ دیا جا سکے۔










