پہلا پاکستانی 25 نومبر کو خلا میں جائے گا، 2035 میں پاکستان چاند پر لینڈ کرے گا، احسن اقبال نے بڑی خبر سنا دی

نارووال (پنجاب پوسٹ) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان کا پہلا خلا باز 25 نومبر کو چین کے خلائی مرکز سے خلائی مشن پر روانہ ہوگا، جبکہ پاکستان نے 2035 تک چاند پر لینڈنگ کا ہدف مقرر کر رکھا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ چین کے تعاون سے پاکستان خلائی تحقیق کے میدان میں نئی بلندیوں کو چھوئے گا۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کے وژن کے تحت سپارکو کے تعاون سے نارووال میں پہلی مرتبہ عالمی ورلڈ اسپیس ویک 2026 منایا گیا۔ تقریب کا مقصد نوجوان نسل میں خلائی علوم، سائنسی تحقیق اور جدید ٹیکنالوجی سے متعلق شعور اجاگر کرنا تھا۔

نارووال میں ورلڈ اسپیس ویک کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ خلائی ٹیکنالوجی زراعت، مواصلات، موسمیاتی تبدیلیوں، تعلیم اور قومی سلامتی سمیت زندگی کے مختلف شعبوں میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔ خلائی تحقیق مستقبل کی ترقی، سائنسی دریافتوں اور انسانی علم کے فروغ کے لیے ناگزیر ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ قرآن مجید انسان کو کائنات کی تخلیق پر غور و فکر کی دعوت دیتا ہے، اس لیے نوجوانوں میں سائنسی تجسس، تحقیق اور علم کے حصول کا جذبہ پیدا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ مسلمان سائنس دان ماضی میں فلکیات اور سائنسی تحقیق کے میدان میں نمایاں مقام رکھتے تھے، اور پاکستان کو علم و تحقیق میں اپنی قیادت دوبارہ حاصل کرنے کے لیے آگے بڑھنا ہوگا۔

وفاقی وزیر نے اسلام آباد سائنس فیسٹیول میں یونیورسٹی آف نارووال کی پہلی پوزیشن کو نوجوانوں کی صلاحیتوں کا مظہر قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے نوجوان علم اور تحقیق کے ذریعے نئی بلندیوں کو چھو رہے ہیں۔ ماضی میں مالی مشکلات کے باعث اعلیٰ تعلیم سے محروم رہ جانے والے طلبہ آج ملک بھر میں نمایاں کامیابیاں حاصل کر رہے ہیں۔

احسن اقبال نے اعلان کیا کہ نوجوانوں میں خلائی علوم سے دلچسپی بڑھانے اور سائنسی شعور اجاگر کرنے کے لیے یونیورسٹی آف نارووال میں پاکستان کا پہلا اسپیس میوزیم قائم کیا جائے گا۔ حکومت جدید ٹیکنالوجی اور ابھرتے ہوئے سائنسی شعبوں میں نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کر رہی ہے تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں اور علم کی طاقت سے ملک کو ترقی کی نئی منزلوں تک لے جا سکیں۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے