لاہور (پنجاب پوسٹ) متحدہ طلبہ محاذ پاکستان نے طلبہ یونینز کی بحالی، تعلیمی ایمرجنسی کے نفاذ اور اعلیٰ تعلیمی کمیشن (ایچ ای سی) کے بجٹ میں 300 فیصد اضافے کا مطالبہ کر دیا۔
اچھرہ لاہور میں اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کی میزبانی میں حقوقِ طلبہ کانفرنس منعقد ہوئی، جس کی صدارت متحدہ طلبہ محاذ کے مرکزی صدر رانا عثمان نے کی۔ کانفرنس میں اسلامی جمعیت طلبہ، مسلم اسٹوڈنٹس فیڈریشن (ن)، انجمن طلبہ اسلام، امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن، انصاف اسٹوڈنٹس فیڈریشن سمیت مختلف طلبہ تنظیموں کے قائدین نے شرکت کی اور طلبہ کے مسائل کے حل کے لیے ملک گیر تحریک شروع کرنے پر اتفاق کیا۔
یہ بھی پڑھیں: پیدائش، وفات اور شادی کے سرٹیفکیٹس کے اجرا کا پرانا طریقہ تباہ، نیا نظام کیا ہے؟
مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ناظمِ اعلیٰ اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان صاحبزادہ وسیم حیدر نے کہا کہ طلبہ یونینز کی بحالی کے لیے بڑی جامعات میں پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر انتخابات کرائے جائیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ طلبہ کے مسائل اجاگر کرنے کے لیے ضلعی سطح پر مذاکرے اور نیشنل اسٹوڈنٹس ڈائیلاگ منعقد کیا جائے گا، جبکہ ضرورت پڑنے پر صوبائی اسمبلیوں کے سامنے دھرنے بھی دیے جائیں گے۔











