لاہور (پنجاب پوسٹ) گلاب دیوی ہسپتال میں لیڈی ڈاکٹر اور مریض کے لواحقین کے درمیان جھگڑے کا معاملہ سامنے آگیا، نصیر آباد پولیس نے جھگڑے میں ملوث دو خواتین کو حراست میں لے کر انسدادی کارروائی کے بعد عدالت میں پیش کر دیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ گزشتہ رات گلاب دیوی ہسپتال کے امیر الدین وارڈ میں پیش آیا، جہاں لیڈی ڈاکٹر زہرہ نے علاج معالجے میں دشواری سے بچنے کے لیے خواتین کو وارڈ سے باہر جانے کا کہا تھا، جس کے بعد ڈاکٹر اور مریض کے لواحقین کے درمیان جھگڑا ہوگیا۔
یہ بھی پڑھیں: ڈیفنس اے انویسٹی گیشن پولیس کی حراست میں ملزم جاں بحق، دل کا دورہ موت کی وجہ قرار
نصیر آباد پولیس نے دونوں خواتین کے خلاف دفعہ 107/151 کے تحت انسدادی کارروائی کی اور انہیں عدالت میں پیش کر دیا۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کا کہنا ہے کہ ہسپتال میں نظم و ضبط اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے پولیس نے بروقت کارروائی کی۔ قانون کو ہاتھ میں لینے کی اجازت کسی کو نہیں، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی ہوگی۔
فیصل کامران نے شہریوں پر زور دیا کہ ہسپتالوں میں مریضوں کے علاج معالجے میں رکاوٹ ڈالنے سے گریز کریں۔











