لاہور (پنجاب پوسٹ) وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر صوبہ بھر میں انسدادِ سموگ آپریشن مزید تیز کر دیا گیا۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صنعتی یونٹس، اینٹوں کے بھٹوں، پلاسٹک جلانے، کمرشل ککنگ پوائنٹس اور فصلوں کی باقیات جلانے کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں، جبکہ آلودگی کے مقامی ذرائع کی نشاندہی اور فوری تدارک کے لیے فیلڈ ٹیمیں متحرک ہیں۔
ترجمان کے مطابق پنجاب بھر میں 225 صنعتی یونٹس کی انسپکشن کی گئی، خلاف ورزیوں پر 2 یونٹس سیل جبکہ 16 یونٹس کو سموگ نوٹس جاری کیے گئے۔ کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 10 لاکھ 15 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔
انسدادِ سموگ اقدامات کے تحت گردوغبار میں کمی کے لیے 1,560 کلومیٹر سڑکوں پر پانی کا چھڑکاؤ کیا گیا۔ تعمیراتی دھول کی روک تھام کے لیے سڑکوں کے شولڈرز کی مرمت اور تعمیر کے 19 اقدامات کیے گئے، جبکہ کھلے تعمیراتی سامان کو ڈھانپنے کے لیے 54 کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔
ترجمان کے مطابق ڈرون اسکواڈ، نائٹ اسکواڈ اور ہاک آئی فیلڈ اسکواڈ کے ذریعے مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔ رات کے آخری پہر میں محکمہ ماحولیات کے سرپرائز وزٹس بھی جاری ہیں تاکہ آلودگی پھیلانے والے ذرائع کے خلاف بروقت کارروائی کی جا سکے۔
فصلوں کی باقیات جلانے سے روکنے کے لیے کسانوں کو 4 لاکھ 96 ہزار 460 وارننگ نوٹس جاری کیے گئے۔ حکام کی جانب سے کسانوں کو آگاہی فراہم کرنے، فصلوں کی باقیات تلف کرنے کے متبادل طریقے اپنانے اور خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی کے ذریعے سموگ کے بڑے اسباب کی روک تھام پر توجہ دی جا رہی ہے۔
ٹھوس فضلہ، ٹائر، ربڑ اور پلاسٹک جلانے کے خلاف کارروائیوں میں 485 نوٹس جاری کیے گئے جبکہ 42 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ درختوں کی غیر قانونی کٹائی کے خلاف بھی 28 کارروائیاں کی گئیں اور ماحولیاتی بہتری کے لیے 917 درخت لگائے گئے۔
تجاوزات، ریڑھیوں اور غیر قانونی ڈھانچوں کے خلاف کارروائیوں کے دوران 859 نوٹس جاری کیے گئے جبکہ ایک لاکھ 30 ہزار 501 روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کے لیے بھی اقدامات جاری ہیں۔
حکام کے مطابق صوبے بھر میں آلودگی پھیلانے والے ذرائع کے خلاف کارروائیوں کے ساتھ عوامی آگاہی مہم بھی جاری ہے۔ اس سلسلے میں 403 آگاہی سرگرمیاں مکمل کی گئیں۔
سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کسانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ فصلوں کی باقیات کو ہرگز آگ نہ لگائیں اور سموگ کی روک تھام کے لیے ماحول دوست متبادل طریقے اختیار کریں۔











