پنجاب میں خواتین کسانوں کی تعداد 90 سے بڑھ کر 1100 ہوگئی ، 1 سال میں 1لاکھ 29ہزار 581 کٹے بچھڑے بیرون ملک بیچے گئے

لاہور (پنجاب پوسٹ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب کو خطے میں لائیوسٹاک کا مرکز بنانا حکومت کا ہدف ہے۔ لائیوسٹاک کارڈ کے ذریعے دیہی فارمرز کو معاشی طور پر مستحکم کرنے اور مویشیوں کی پیداوار و برآمدات بڑھانے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ ایک سال کے دوران 4 لاکھ مویشی تیار کیے گئے جبکہ پنجاب سے جانوروں کی برآمدات میں 43 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے مطابق لائیوسٹاک کارڈ کے تحت فارمرز کو فی مویشی 27 ہزار روپے منافع حاصل کرنے کا موقع ملا ہے۔ لائیوسٹاک کارڈ کے اجرا سے دیہی خواتین فارمرز کی تعداد 90 سے بڑھ کر 1,107 تک پہنچ گئی ہے، جس سے دیہی معیشت میں خواتین کی شمولیت کو فروغ مل رہا ہے۔

پنجاب میں مویشیوں کو منہ کھر کی بیماری (فٹ اینڈ ماؤتھ ڈیزیز) سے محفوظ رکھنے اور بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی بڑھانے کے لیے 8 ایف ایم ڈی کمپارٹمنٹس نوٹیفائی کیے جا چکے ہیں جبکہ مزید 7 کمپارٹمنٹس رواں سال قائم کرنے کا منصوبہ ہے۔ ان اقدامات سے چین، یورپ اور امریکہ کو مویشیوں کی برآمدات کے امکانات بہتر ہونے کی توقع ہے۔

لائیوسٹاک کارڈ پروگرام کے تحت 129,581 مویشی برآمد کیے گئے۔ مختلف شہروں سے برآمد ہونے والے مویشیوں کی تفصیلات کے مطابق لاہور سے 20 ہزار، بہاولپور سے 24 ہزار 297، فیصل آباد سے 12 ہزار 529، گوجرانوالہ اور گجرات سے مجموعی طور پر 21 ہزار، ملتان سے 27 ہزار، سرگودھا سے 22 ہزار جبکہ ساہیوال سے 2 ہزار 661 مویشی برآمد کیے گئے۔

حکومت پنجاب لائیوسٹاک کے شعبے میں ویلیو ایڈیشن اور جدید سہولیات کے فروغ کے لیے بڑے منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔ منصوبے کے تحت 5 میٹ پراسیسنگ پلانٹس اور 5 جدید سلاٹر ہاؤسز قائم کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ میٹ پیکنگ ہاؤسز، کمرشل سکیل فیڈ لاٹس اور کارپوریٹ فیڈ لاٹس بھی قائم کرنے کا منصوبہ ہے۔

لائیوسٹاک انٹیگریٹڈ ویلیو انہانسمنٹ کے لیے حکومت کی جانب سے 19 ارب روپے کی فنانسنگ سبسڈی فراہم کی جائے گی جبکہ میٹ ویلیو چین میں 65 ارب روپے کی نجی سرمایہ کاری متوقع ہے۔


پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت ایف ایم ڈی ویکسین کی تیاری کے لیے پروڈکشن یونٹ بھی قائم کیا جائے گا، جس میں 28 ارب روپے کی نجی سرمایہ کاری متوقع ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ حکومت لائیوسٹاک فارمرز کو قومی برآمد کنندگان اور بین الاقوامی ویب سائٹس کے ساتھ منسلک کرنا چاہتی ہے تاکہ انہیں اپنی پیداوار کی بہتر قیمت مل سکے اور عالمی منڈیوں تک رسائی میں اضافہ ہو۔

حکومت پنجاب کے مطابق لائیوسٹاک کے شعبے میں سرمایہ کاری، جدید انفراسٹرکچر، بیماریوں سے تحفظ اور برآمدات کے فروغ سے دیہی معیشت کو مضبوط بنانے اور پنجاب کو خطے کا نمایاں لائیوسٹاک مرکز بنانے میں مدد ملے گی۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے