اوکاڑہ (پنجاب پوسٹ) فائنل میں اوکاڑہ کیگ نے راوی ہنٹرز کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ڈپٹی کمشنر محمد اکرام ملک اور ایم پی اے میاں محمد منیر نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
ضلعی انتظامیہ اوکاڑہ اور ادارہ دی ماسٹر کے اشتراک سے منعقدہ ڈپٹی کمشنر گولڈ کپ اینڈ کراٹے سپر لیگ سیزن ٹو کے فائنل مقابلے اور تقریبِ تقسیمِ انعامات شاندار انداز میں منعقد ہوئے۔ ایونٹ کے فیصلہ کن مقابلے میں اوکاڑہ کنگ اور راوی ہنٹرز کی ٹیمیں مدمقابل آئیں، جہاں کھلاڑیوں نے بھرپور جوش، بہترین حکمتِ عملی اور اعلیٰ فنی مہارت کا مظاہرہ کیا۔ سنسنی خیز مقابلے کے بعد اوکاڑہ کنگ نے اپنی شاندار کارکردگی کی بدولت مسلسل دوسری مرتبہ چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔
یہ بھی پڑھیں:پنجاب کے کھلاڑیوں کے لیے بڑی خوشخبری، وزیراعلیٰ پنجاب نے سپورٹس کارڈ تیار کر لیا
تقریب میں ممبر صوبائی اسمبلی میاں محمد منیر نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی، جبکہ ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ محمد اکرام ملک اور چیف انسٹرکٹر شہیان ڈاکٹر محمد عارف صدیقی بھی موجود تھے۔ فائنل مقابلوں کے دوران کھلاڑیوں کی برق رفتار حرکات، دفاعی صلاحیتوں اور جارحانہ انداز نے شائقین کو خوب محظوظ کیا۔ دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے کھیل کے اعلیٰ معیار کا مظاہرہ کرتے ہوئے حاضرین سے بھرپور داد وصول کی۔
تقریبِ تقسیمِ انعامات کے موقع پر نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں میں میڈلز اور تعریفی سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے، جبکہ ادارہ دی ماسٹر کی جانب سے مہمانانِ خصوصی کو یادگاری شیلڈز بھی پیش کی گئیں۔ اس موقع پر ممبر صوبائی اسمبلی میاں محمد منیر اور ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ محمد اکرام ملک نے سپر لیگ کے شاندار انعقاد پر ادارہ دی ماسٹر کے منتظمین نعیم اختر اور محمد وسیم طارق کو مبارک باد پیش کی اور ان کی کاوشوں کو سراہا۔
یہ بھی پڑھیں:انگلینڈ کرکٹ ٹیم ون ڈے ٹرائی سیریز میں شرکت کیلئے پاکستان پہنچ گئی
مہمانانِ خصوصی نے کہا کہ کھیلوں کے ایسے مقابلے نوجوانوں میں نظم و ضبط، خود اعتمادی، برداشت اور مثبت سرگرمیوں کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور کھیلوں کے فروغ کے لیے ایسی سرگرمیوں کا انعقاد خوش آئند ہے۔
ڈپٹی کمشنر گولڈ کپ اینڈ کراٹے سپر لیگ سیزن ٹو کا کامیاب انعقاد ضلعی انتظامیہ اوکاڑہ اور ادارہ دی ماسٹر کی کھیلوں کے فروغ اور نوجوانوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے مشترکہ کوششوں کا عکاس ہے۔ اوکاڑہ کنگ کی مسلسل دوسری کامیابی نے ٹیم کی محنت، بہترین تیاری اور نظم و ضبط کو نمایاں کیا، جبکہ ایونٹ نے کراٹے کے شائقین کو معیاری اور سنسنی خیز مقابلے دیکھنے کا موقع فراہم کیا۔
یہ بھی پڑھیں:لاہور: تیسری فریقی کرکٹ سیریز کے حوالے سے میونسپل اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ











