لاہور (پنجاب پوسٹ) پنجاب کے کھلاڑیوں کے لیے بڑی خوشخبری، وزیراعلیٰ پنجاب سپورٹس کارڈ تیار کر لیا گیا۔ سپورٹس بورڈ پنجاب اور بینک آف پنجاب کے درمیان سی ایم پنجاب سپورٹس کارڈ کے اجرا کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں سیکرٹری سپورٹس پنجاب فضل الرحمن مہمان خصوصی تھے۔
تقریب کے دوران ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی اور بینک آف پنجاب کے چیف ڈیجیٹل آفیسر نوفل داؤد نے ایم او یو پر دستخط کیے اور دستاویزات کا تبادلہ کیا۔
اس موقع پر سیکرٹری سپورٹس پنجاب فضل الرحمن نے کہا کہ آج پنجاب کے کھلاڑیوں کے لیے خوشی کا دن ہے، کیونکہ حکومت کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی اور مالی معاونت کے لیے سی ایم پنجاب سپورٹس کارڈ متعارف کرانے جا رہی ہے۔ اس اقدام کے ذریعے پنجاب کے بہترین کھلاڑیوں کو سکالرشپس فراہم کی جائیں گی تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو مزید نکھار سکیں۔
انہوں نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں 300 کھلاڑیوں کو ایک سال کے لیے ایک لاکھ، 70 ہزار اور 50 ہزار روپے مالیت کی سکالرشپس دی جائیں گی، جبکہ حکومت کا ہدف ایک ہزار کھلاڑیوں کو سی ایم پنجاب سپورٹس کارڈ فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سپورٹس کارڈ کا باضابطہ افتتاح جلد کیا جائے گا۔
فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق صوبے میں کھیلوں کے فروغ اور کھلاڑیوں کی سرپرستی کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ پنجاب پاکستان کا پہلا صوبہ ہے جو سی ایم پنجاب سپورٹس کارڈ کے ذریعے اپنے کھلاڑیوں کو سکالرشپس فراہم کر رہا ہے۔ اس اقدام کا بنیادی مقصد قومی اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام روشن کرنے والے کھلاڑیوں کو آگے لانا ہے۔
تقریب میں ڈپٹی ڈائریکٹر ظہور احمد، بینک آف پنجاب کے ہیڈ آف برانچ لیس بینکنگ عدنان سلیم، سینئر منیجر ریلیشن شپ الاف جاوید اور پروڈکشن منیجر ضیغم سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔









