لاہور (پنجاب پوسٹ) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی میں پاکستان کا حصہ بہت کم ہونے کے باوجود ملک اس کے منفی اثرات سے دوچار ہے۔ پاکستان کو سیلاب اور فصلوں کو نقصان جیسے مسائل کا سامنا ہے، جس سے نمٹنے کے لیے پاکستان سوئس حکومت کے تعاون کا خواہاں ہے۔
ان خیالات کا اظہار گورنر پنجاب نے 17 اکتوبر 2026 کو گورنر ہاؤس لاہور میں سوئٹزرلینڈ کے سفیر سٹیفن رے (Stephane Ray) سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں سینئر پولیٹیکل ایڈوائزر اسامہ قیصر خان بھی موجود تھے۔ اس موقع پر موسمیاتی تبدیلی، تجارت اور تعلیم کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
گورنر سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ پاکستان اور سوئٹزرلینڈ کے درمیان سائنسدانوں اور طلبہ کے تبادلے کے پروگرام سے دوطرفہ تعلقات کو وسعت ملے گی۔ انہوں نے پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے والی سوئس کمپنیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سوئس کمپنیاں انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کر سکتی ہیں۔ پاکستان میں آئی ٹی سمیت کئی شعبوں میں اشتراک کے وسیع امکانات موجود ہیں، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان عوامی سطح پر رابطے بڑھانے کی بھی ضرورت ہے۔
سوئٹزرلینڈ کے سفیر سٹیفن رے نے کہا کہ پاکستانی عوام بہت مہمان نواز ہیں اور پاکستان جغرافیائی لحاظ سے ایک اہم ملک ہے۔ سوئٹزرلینڈ پاکستان کے ساتھ انفارمیشن ٹیکنالوجی اور تجارت کے شعبوں میں تعلقات کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بچھڑوں کو اپنوں سے ملوانے کا سفر، سیف سٹی ‘میرا پیارا’ کی ایک اور شاندار کامیابی
سوئس سفیر کے مطابق پاکستان اور سوئٹزرلینڈ کے سائنسدانوں کے درمیان وفود کا تبادلہ بھی کیا جائے گا، جس سے دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دینے میں مدد ملے گی۔













