احسن اقبال کا 100 ارب ڈالر کی برآمدات کا ہدف حاصل کرنے پر زور، صنعتی ترقی کو معاشی خود مختاری کے لیے ناگزیر قرار دے دیا

لاہور (پنجاب پوسٹ) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کے لیے 100 ارب ڈالر کی برآمدات کا ہدف مقرر ہے، جسے حاصل کرنا ضروری ہے۔ برآمدات میں اضافہ معاشی خود مختاری کے لیے ناگزیر ہے تاکہ پاکستان آئی ایم ایف اور غیر ملکی امداد پر انحصار سے چھٹکارا حاصل کر سکے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ نمائش میں 30 ممالک سے لوگ شریک ہیں۔ نمائش میں لوگوں کی دلچسپی دیکھ کر احساس ہو رہا ہے کہ صنعت کا پہیہ چل چکا ہے اور عالمی سطح پر پاکستان کی صنعت اور مصنوعات میں دلچسپی بڑھ رہی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ گزشتہ چار سال میں پاکستان نے بہت مشکل سفر طے کیا ہے، تاہم اب ملک آگے بڑھ رہا ہے اور معاشی اشاریوں میں استحکام کو دنیا میں تسلیم کیا جا رہا ہے۔

احسن اقبال کے مطابق پاکستان کے لیے بڑا چیلنج اپنی برآمدی صلاحیت میں اضافہ کرنا ہے۔ اس مقصد کے لیے ویلیو چین کو وسعت دینا ہوگی، کیونکہ صنعت پاکستان کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے اور اب اس شعبے میں ترقی دیکھنے میں آ رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی مصنوعات کا معیار بہتر بنا کر انہیں عالمی منڈیوں میں متعارف کروانا ہوگا اور عالمی معیار کے برانڈز تیار کرنے چاہییں۔ معاشی استحکام آ رہا ہے جبکہ حالیہ بجٹ میں برآمد کنندگان کے لیے آسانیاں پیدا کی گئی ہیں۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی نے کہا کہ معاشی استحکام کو مزید مضبوط بنانے کے لیے صنعت کاروں کو سہولتیں فراہم کی جائیں گی تاکہ برآمدات میں اضافہ ہو اور پاکستان مقررہ ہدف حاصل کر سکے۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے