لاہور (پنجاب پوسٹ) سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سال 2026-27 کے انتخابات کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جس میں 8 مرکزی عہدوں پر 16 امیدوار حصہ لے رہے ہیں۔ انڈیپنڈنٹ گروپ اور پروفیشنل گروپ کے حمایت یافتہ امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوگا جبکہ امیدواروں کی انتخابی مہم میں بھی تیزی آگئی ہے۔
امیدوار ووٹرز کو قائل کرنے کے لیے وکلاء کے دفاتر کے چکر لگا رہے ہیں اور اپنی حمایت حاصل کرنے کے لیے رابطے تیز کر دیے ہیں۔
سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی صدارت کے لیے سردار امان خان اور سید امجد شاہ کے درمیان مقابلہ ہوگا، جبکہ سیکرٹری کی نشست پر میاں عرفان اکرم اور محمد عارف اعوان آمنے سامنے ہوں گے۔
نائب صدر بلوچستان کی نشست پر عبدالمالک بلوچ اور محمد ابراہیم لہری بلوچ مدمقابل ہیں۔ نائب صدر خیبرپختونخوا کے عہدے کے لیے حضرت سعید اور معین الدین ہمایوں کے درمیان مقابلہ ہوگا۔
نائب صدر پنجاب کی نشست پر چوہدری ارشد حسین اور محمد یاسین بھٹی جبکہ نائب صدر سندھ کے عہدے کے لیے عبدالوہاب بلوچ اور جام آصف محمود لار امیدوار ہیں۔
ایڈیشنل سیکرٹری کے عہدے کے لیے قاضی شہریار اقبال اور سائرہ خالد راجپوت میدان میں ہیں، جبکہ فنانس سیکرٹری کی نشست پر محمد تنویر چوہدری اور رائے اظہر اقبال کھرل کے درمیان مقابلہ ہوگا۔













