لاہور (پنجاب پوسٹ) پنجاب بھر میں آٹے کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے اور مارکیٹ میں آٹا وافر مقدار میں دستیاب ہے۔ ڈی جی فوڈ پنجاب امجد حفیظ کے مطابق صوبے بھر میں فلور ملز سرکاری گندم کی پسائی کرکے مقررہ نرخوں پر آٹا فراہم کر رہی ہیں، جبکہ 10 کلو آٹے کا تھیلا 1100 روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے۔
امجد حفیظ نے کہا کہ آٹے کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں اور پنجاب کے مختلف اضلاع میں آٹے کی دستیابی اور فراہمی کی باقاعدگی سے مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔ لاہور میں آٹے کی فراہمی کا حجم دیگر اضلاع کے مقابلے میں نمایاں ہے۔
ڈی جی فوڈ پنجاب کے مطابق راولپنڈی، گوجرانوالہ، گجرات، لاہور، فیصل آباد، سرگودھا، ملتان، ساہیوال، ڈیرہ غازی خان اور بہاولپور سمیت مختلف شہروں میں آٹے کی فراہمی جاری ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں آٹے کی مجموعی سپلائی کا تقریباً 50 فیصد حصہ سبسڈائزڈ آٹے پر مشتمل ہے۔ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے سبسڈائزڈ آٹے کی فراہمی جاری ہے، جبکہ مارکیٹ میں آٹے کی دستیابی برقرار رکھنے کے لیے محکمہ خوراک پنجاب متحرک ہے۔
امجد حفیظ نے کہا کہ صارفین کو مقررہ نرخوں پر معیاری آٹے کی فراہمی حکومت پنجاب کی ترجیح ہے۔ آٹے کی سپلائی کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے ڈیجیٹل نگرانی کے اقدامات بھی جاری ہیں، جبکہ حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے اور آٹے کی بلا تعطل دستیابی یقینی بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔











