لاہور (پنجاب پوسٹ) سندھ حکومت کے زیرِ تربیت افسران نے مزارِ اقبالؒ، بادشاہی مسجد اور شاہی قلعہ سمیت لاہور کے تاریخی مقامات کا دورہ کیا۔ چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف ڈاکٹر احسان بھٹہ نے وفد کا استقبال کیا اور تاریخی ورثے سے متعلق بریفنگ دی۔
سول سروسز اکیڈمی والٹن اور والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کے تعاون سے منعقدہ قومی مطالعاتی دورے کے دوران وفد نے مینارِ پاکستان، حضوری باغ بارہ دری اور نیشنل ہسٹری میوزیم کا بھی دورہ کیا۔
اس موقع پر ڈاکٹر احسان بھٹہ نے کہا کہ نوجوان نسل کو اپنی تاریخ سے روشناس کرانا حکومتِ پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔ علامہ اقبالؒ کے افکار اور فلسفۂ خودی نوجوان نسل کے لیے مشعلِ راہ ہیں، جبکہ تاریخی مقامات اور مزاراتِ اولیائے کرام کا تحفظ ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ صوفیائے کرام نے محبت، رواداری اور انسانیت کی خدمت کا درس دیا۔ قومی مطالعاتی دورے افسران کی تاریخی، تہذیبی اور ثقافتی آگاہی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
دورے کے اختتام پر وفد نے بہترین انتظامات، معلوماتی بریفنگ اور پُرخلوص مہمان نوازی پر محکمۂ اوقاف پنجاب کا شکریہ ادا کیا۔











