لاہور (پنجاب پوسٹ) لاہور چیمبر آف کامرس کے صدر علی حسام اصغر کا کہنا ہے کہ پنجاب اسمبلی کے اسپیکر آج لاہور چیمبر آف کامرس تشریف لائے، وہ پنجاب یا پاکستان کے پہلے اسپیکر ہیں جنہوں نے اسمبلی کے حوالے سے سوچا، دیگر عہدیداران کو بھی ان کی طرح سوچنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ مجھے منفی بات کرنے کی عادت نہیں، لیکن موجودہ حالات اچھے نہیں ہیں، جس کی بنیادی وجوہات میں ہراسمنٹ کے زمرے میں آنے والی قانون سازی بھی شامل ہے۔ بزنس کمیونٹی حکومتی اداروں کی پارٹنر ہے، کیا آپ اپنے پارٹنرز کو اہلکاروں سے تھپڑ پڑوائیں گے؟
جب یہ قانون سازی ہوئی تو بزنس کمیونٹی کو اعتماد میں کیوں نہیں لیا گیا؟ انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت کا کاروباری برادری سے گہرا تعلق ہے، حکومت اچھے کام بھی کر رہی ہے، تاہم حکومتی انفورسمنٹ اداروں کی کارروائیوں سے مسائل جنم لیتے ہیں۔
علی حسام اصغر کا کہنا تھا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی کا قانون پڑھ کر حیرت ہوئی۔ لاہور چیمبر کی جانب سے پنجاب رئیل اسٹیٹ ریگولیٹری بل اور تین قوانین میں ترامیم کے لیے ترمیم شدہ بل اسپیکر پنجاب اسمبلی کو پیش کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ اسپیکر ان ترامیم کو اپنی اسٹینڈنگ کمیٹی میں زیر بحث لائیں، وہ خود کمیٹی میں شرکت کرکے دلائل دینے کے لیے تیار ہیں۔ صدر لاہور چیمبر نے ایل ڈی اے اور پیرا کے حوالے سے کاروباری برادری کو درپیش مشکلات پر بھی اظہارِ تشویش کیا۔













