لیہ (پنجاب پوسٹ) وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر ڈی جی پی ڈی ایم اے محمد سیف انور جپہ نے ضلع لیہ کا دورہ کیا۔ انہوں نے لیہ تونسہ پل کے مقام پر صورتحال اور سیلاب سے بچاؤ کے لیے کیے گئے انتظامات کا تفصیلی معائنہ کیا۔ دورے کے موقع پر ڈپٹی کمشنر آصف علی ڈوگر اور دیگر متعلقہ افسران بھی وہاں پر موجود تھے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ آبادیوں اور انفراسٹرکچر کو بچانے کے لئے ہر ممکن کوشش کی جائے۔ تمام متعلقہ محکمے باہمی تعاون اور رابطہ کاری کے ذریعے دریائی کٹاؤ کے تدارک کے لئے کام کریں۔ علاقہ اور مکینوں کے تحفظ اور اس مسئلہ کے مستقل حل کے لئے فلڈ پروٹیکشن بند کی تعمیر کے لئے بھرپور کوشش کی جائے گی۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نےملحقہ آبادیوں کو سیلابی خطرات سے محفوظ رکھنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لانے کی تاکید کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے حفاظتی اقدامات میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔











