لاہور (پنجاب پوسٹ) شاہدرہ میں بھتہ خوری کے مقدمے میں گرفتار ملزمان کو چھڑوانے کے لیے مبینہ پولیس مقابلے کا واقعہ پیش آیا، جہاں ملزمان کے ساتھیوں کی فائرنگ سے ان کے اپنے ہی تین ساتھی زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق انویسٹی گیشن پولیس شاہدرہ ٹاؤن کا سب انسپکٹر وقاص بھتہ خوری کے مقدمے میں گرفتار ملزمان عبداللہ، معاذ اور وسیم کو ریکوری کے لیے لے جا رہا تھا کہ ٹی پوائنٹ شاہدرہ کے قریب بھتہ خوروں کے چار ساتھیوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کردی۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں ملزمان کے اپنے ہی تین ساتھی زخمی ہوگئے۔ واقعے کا مقدمہ تھانہ شاہدرہ ٹاؤن میں سب انسپکٹر وقاص کی مدعیت میں پولیس مقابلے سمیت دیگر دفعات کے تحت درج کر لیا گیا ہے۔









