پنجاب میں چینی سرمایہ کاری کا بڑا منصوبہ، الیکٹرک بسوں اور ٹرکوں کے کارخانے لگانے کی تیاری

لاہور (پنجاب پوسٹ) چین کی کمپنیوں نے پنجاب میں الیکٹرک بسوں اور ٹرکوں کی اسمبلنگ و مینوفیکچرنگ، آئی ٹی، سیاحت اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے، جبکہ پنجاب میں چینی مصنوعات کی نمائش کے لیے 100 کنال اراضی پر چائنا پویلین بنانے کی تجویز بھی سامنے آ گئی۔

صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے پاکستان چائنا بزنس فورم کے 20 رکنی اعلیٰ سطح کے وفد نے ملاقات کی، جس میں پنجاب میں چینی سرمایہ کاری کے امکانات اور مختلف شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد میں الیکٹرک وہیکلز، انفارمیشن ٹیکنالوجی، سیاحت، زراعت اور دیگر شعبوں سے وابستہ چینی کمپنیوں کے حکام شامل تھے۔

WhatsApp Image 2026 10 16 at 2.50.21 PM

فورم کے بیجنگ آفس کے ڈائریکٹر وی لینذو نے بتایا کہ چینی سرمایہ کار پنجاب میں الیکٹرک بسوں اور ٹرکوں کی اسمبلنگ و مینوفیکچرنگ کے کارخانے لگانے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ چینی کمپنیاں آئی ٹی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے لیے بھی تیار ہیں، جبکہ گجرات میں انفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی کے قیام کا جائزہ بھی لیا جا رہا ہے۔

چوہدری شافع حسین نے کہا کہ گزشتہ اڑھائی سال کے دوران چین کی متعدد کمپنیوں نے پنجاب میں لاکھوں ڈالر کی نئی سرمایہ کاری کی ہے۔ ملک کی تاریخ میں پہلی بار پنجاب میں چپ فریم کی مینوفیکچرنگ شروع ہونے جا رہی ہے، جبکہ چینی کمپنی وی وو کا فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ میں موبائل فون بنانے کا کارخانہ تکمیل کے آخری مراحل میں ہے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی قیادت میں صوبائی حکومت الیکٹرک وہیکلز کے شعبے کے فروغ پر توجہ دے رہی ہے۔ پنجاب کے مختلف شہروں میں حکومت کی درآمد کردہ الیکٹرک بسیں چل رہی ہیں، جبکہ گزشتہ ایک سال کے دوران صوبے میں الیکٹرک بائیکس کے متعدد پلانٹس قائم ہو چکے ہیں اور مزید کمپنیاں بھی پلانٹس لگا رہی ہیں۔ الیکٹرک بائیکس کے فروغ سے تیل کی بچت ہوگی اور عام آدمی کو فائدہ پہنچے گا۔

WhatsApp Image 2026 10 16 at 2.50.21 PM 2

انہوں نے کہا کہ چینی سرمایہ کار الیکٹرک وہیکلز کے چارجنگ اسٹیشنز، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور سیاحت کے شعبوں میں بھی سرمایہ کاری کر سکتے ہیں۔ پاکستان چائنا بزنس فورم کو چائنا پویلین کی تعمیر کے لیے درکار اراضی فراہم کی جائے گی تاکہ چینی مصنوعات کی نمائش ممکن ہو سکے۔

چوہدری شافع حسین کے مطابق پنجاب کے اسپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاری کے لیے عالمی معیار کا صنعتی انفراسٹرکچر موجود ہے۔ فیصل آباد کے اسپیشل اکنامک زون میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے جدید سہولیات سے آراستہ کمیونٹی سینٹر بنایا جا رہا ہے، جبکہ فیصل آباد میں 50 ایکڑ رقبے پر ایکسپو سینٹر بھی قائم کیا جائے گا۔ اس منصوبے کے حوالے سے وفاقی حکومت سے بات ہو چکی ہے اور تعمیراتی کام رواں سال کے آخر میں شروع ہو جائے گا۔ صنعتی مراکز میں یونٹس لگانے کے لیے پلاٹوں کی قیمتوں میں بھی کمی کی گئی ہے۔

صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ پنجاب میں چینی کمپنیوں کی سرمایہ کاری سے ٹیکنالوجی کی منتقلی بھی ہو رہی ہے۔ چین کی ترقی پاکستان کے لیے رول ماڈل ہے اور چینی ٹیکنالوجی سے استفادہ کرکے ترقی کی منزل حاصل کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان سیاحت کے فروغ کے لیے مزید اقدامات کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

WhatsApp Image 2026 10 16 at 2.50.21 PM 3

ملاقات میں سابق سینیٹر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبد القیوم، چیئرمین پاکستان چائنا بزنس فورم اعجاز شیخ، ڈی جی پنجاب سرمایہ کاری بورڈ ڈاکٹر سہیل احمد، سربراہ پنجاب ایشیا انویسٹمنٹ اینڈ کوآپریشن آفس وہاب طارق بٹ اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔

لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبد القیوم نے کہا کہ چوہدری شافع حسین کی مخلصانہ اور بھرپور کاوشوں سے پنجاب میں ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ہوا ہے۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے