پنجاب آج اے آئی دور میں داخل ہوگیا ہے جبکہ خیبرپختونخوا پتھر کے دور میں داخل ہوگیا ہے کیوں کہ وہاں کا پیسہ دھرنوں پر لگا دیا گیا، مریم نواز شریف

لاہور (پنجاب پوسٹ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب آج مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے دور میں داخل ہوگیا ہے، جبکہ خیبر پختونخوا آج پتھر کے دور میں داخل ہوگیا ہے، کیونکہ وہاں کا پیسہ دھرنوں اور لانگ مارچز پر خرچ کیا گیا۔

مریم نواز شریف نے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں لیپ ٹاپ کی تقسیم کے لیے کسی کی سفارش نہیں لی جاتی، کیونکہ پنجاب کا ہر بیٹا ان کا بیٹا اور ہر بیٹی ان کی بیٹی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے طلبہ کے لیے ایک لاکھ الیکٹرک موٹر بائیکس دینے کا اعلان بھی کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ 10 ہزار، 20 ہزار، 30 ہزار یا 50 ہزار نہیں بلکہ پورے ایک لاکھ الیکٹرک موٹر بائیکس دی جائیں گی، جن میں خواتین کے لیے زیادہ حصہ مختص ہوگا۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ وہ اپنی ٹیم کو ہدایت کرتی ہیں کہ عوام نے ان پر اعتماد کیا ہے، اس لیے عوام کو مطمئن کرنا، عملی طور پر کام کرکے دکھانا اور اپنی بھرپور صلاحیتیں استعمال کرنا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ اللہ کو جواب دہ ہیں اور اقتدار میں پروٹوکول سے لطف اندوز ہونے نہیں آئی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں کسی بیٹی کی عزت پر ہاتھ ڈالا جائے تو وہ اس وقت تک نہیں سوتیں جب تک ملزم کو کیفرِ کردار تک نہ پہنچایا جائے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ انہیں فخر ہے کہ وہ جن سڑکوں اور موٹرویز پر سفر کرتی ہیں، وہ ان کے والد نواز شریف نے بنائی ہیں، جبکہ جن یونیورسٹیوں میں جاتی ہیں وہاں بھی نواز شریف کے نام کی تختیاں موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے کام کیا ہے، چاہے کوئی اس کا کریڈٹ دے یا نہ دے۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب دیگر صوبوں کے مقابلے میں بہتر ترقی کر رہا ہے اور وہ چاہتی ہیں کہ خیبر پختونخوا میں بھی ترقی ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ ان شاء اللہ وہاں بھی ترقی ہوگی۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے