ننکانہ صاحب (پنجاب پوسٹ) سکھ مذہب کے بانی بابا گورو نانک دیو جی کے 557ویں جنم دن کی تقریبات کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے متروکہ وقف املاک بورڈ کے ہیڈ آفس میں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ سیکرٹری بورڈ ناصر مشتاق نے اجلاس کی صدارت کی، جبکہ چیئرمین بورڈ قمر الزمان نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ اجلاس میں سکھ یاتریوں کے لیے سہولیات، فول پروف سیکیورٹی اور دیگر انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں رینجرز، کسٹمز، امیگریشن، ریسکیو 1122 اور سوئی گیس کے افسران سمیت متعلقہ اضلاع کے ڈی پی اوز، ڈی سیز اور انتظامی اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ بھارتی سکھ یاتری 22 نومبر کو واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان پہنچیں گے، جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا جائے گا، جبکہ بابا گورو نانک دیو جی کے جنم دن کی مرکزی تقریب 24 نومبر کو ننکانہ صاحب میں منعقد ہوگی۔
چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ قمر الزمان نے کہا کہ مذہبی عبادات اور یاترا کی آزادی بنیادی انسانی اور مذہبی حق ہے۔ پاکستان دنیا بھر، بالخصوص بھارت سے آنے والے سکھ یاتریوں کی بھرپور میزبانی کرے گا۔ متعلقہ ادارے یاتریوں کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لیے بورڈ کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ڈیرہ غازی خان: TDCP کے زیرِ اہتمام گیارھویں تھل جیپ ریلی 5 سے 8 نومبر تک منعقد ہوگی
سیکرٹری بورڈ ناصر مشتاق نے کہا کہ سکھ یاتریوں کے لیے بہترین ایئرکنڈیشنڈ بسوں کا انتظام کیا جائے گا، جبکہ تمام رہائشی مقامات پر طبی سہولیات اور ضروری طبی عملہ دستیاب ہوگا۔ یاتریوں کو صاف پانی کی فراہمی کے لیے خصوصی طور پر منرل واٹر فراہم کیا جائے گا، جبکہ ان کی سہولت کے لیے کرنسی ایکسچینج اور ٹیلی فون بوتھ بھی قائم کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ سکھ یاتریوں کی رہائش اور لنگر کے بہترین انتظامات کیے جائیں گے۔ ہر 20 بسوں پر مشتمل قافلے کے ساتھ ریسکیو 1122 کی خصوصی ایمبولینسز موجود ہوں گی۔ یاتریوں کی آمد کے دوران بجلی اور سوئی گیس کی بلاتعطل فراہمی بھی یقینی بنائی جائے گی۔
ناصر مشتاق کے مطابق سکھ یاتریوں کے سفر اور سیکیورٹی کے جامع انتظامات مکمل کیے جا رہے ہیں، جبکہ پولیس، رینجرز، ریسکیو 1122 اور دیگر متعلقہ ادارے یاتریوں کی حفاظت اور سہولیات کے لیے متحرک ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ سکھ یاتری پاکستان سے محبت اور خوشگوار یادیں لے کر واپس جائیں گے۔









