پنجاب میں ساڑھے 36 ارب روپے سے زائد کا مفت علاج، 16 ہزار سے زائد بچوں کی دل کی سرجریز مکمل

لاہور (پنجاب پوسٹ) پنجاب کے ام پینلڈ ہسپتالوں میں صحت کے خصوصی پروگراموں کے تحت اب تک مریضوں کو ساڑھے 36 ارب روپے سے زائد مالیت کا مفت علاج فراہم کیا جا چکا ہے۔ پنجاب ہیلتھ انشی ایٹو مینجمنٹ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا 120 واں اجلاس صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں وزیراعلیٰ پنجاب کے صحت کے مختلف منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں سیکرٹری محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن عظمت محمود، چیئرمین وزیراعلیٰ پنجاب ایڈوائزری کمیٹی برائے امراض قلب ڈاکٹر فرقد عالمگیر، بورڈ ممبر پروین آغا، سی ای او پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن ڈاکٹر ثاقب عزیز، ڈائریکٹر پی آئی ٹی بی نوشین فیاض، سی ای او پنجاب ہیلتھ انشی ایٹو مینجمنٹ کمپنی ڈاکٹر علی رزاق اور سابق ڈی جی ہیلتھ پنجاب و ممبر بورڈ ڈاکٹر زاہد پرویز نے شرکت کی۔ بورڈ ممبر ڈاکٹر شجاعت علی، ممبر ہیلتھ پی اینڈ ڈی شفاعت علی اور ایڈیشنل سیکرٹری فنانس زبدہ مبشر نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔ بورڈ نے اپنے 119ویں اجلاس کے منٹس کی منظوری بھی دے دی۔

صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ پنجاب میں صحت کے شعبے میں تاریخی اور بنیادی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب کے خصوصی صحت پروگراموں کے باعث ایڈلٹ کارڈیک، کینسر، ڈائیلسز، سٹروک، چلڈرن ہارٹ سرجری اور ٹرانسپلانٹ کے علاج کے لیے مریضوں کی ویٹنگ لسٹ میں واضح کمی آئی ہے۔ متعلقہ ہسپتالوں کو ویٹنگ لسٹ مزید تیزی سے کم کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

خواجہ سلمان رفیق کے مطابق چیف منسٹرز ایڈلٹ کارڈیک سرجری پروگرام کے تحت امراض قلب کے مریضوں کو سالانہ 3 ارب روپے کی لاگت سے مفت علاج فراہم کیا جا رہا ہے۔ پروگرام کے تحت اب تک 9 ہزار 213 سے زائد مریضوں کو شامل کیا گیا، جبکہ 2 ہزار 409 سے زائد مریضوں کی دل کی مفت سرجریز مکمل ہو چکی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ چیف منسٹرز سپیشل انیشی ایٹو فار کینسر پیشنٹس کے تحت سالانہ 10 ارب روپے کی لاگت سے کینسر کی تشخیص، کیموتھراپی، ریڈیوتھراپی، سرجیکل اور میڈیکل تھراپی کی مفت سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ اب تک PAEC اور دیگر ام پینلڈ ہسپتالوں میں 48 ہزار 188 سے زائد کینسر مریض رجسٹرڈ کیے جا چکے ہیں، جبکہ ایک لاکھ 63 ہزار 326 سے زائد مریضوں کو مفت علاج کی سہولیات فراہم کی جا چکی ہیں۔

صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ چیف منسٹرز سپیشل انیشی ایٹو فار سٹروک مینجمنٹ کے تحت فالج کے مریضوں کو سالانہ تقریباً سوا ارب روپے کی لاگت سے مفت علاج فراہم کیا جا رہا ہے۔

خواجہ سلمان رفیق کے مطابق چیف منسٹرز چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام کے تحت صوبے بھر میں اب تک 16 ہزار 391 سے زائد بچوں کی اربوں روپے کی لاگت سے مفت دل کی سرجریز کی جا چکی ہیں۔ ان میں خیبر پختونخوا کے 682، آزاد کشمیر کے 422، اسلام آباد کے 147، بلوچستان کے 48، گلگت بلتستان کے 66 اور سندھ کے 35 بچے بھی شامل ہیں۔

صوبائی وزیر صحت نے بتایا کہ چیف منسٹرز سپیشل انیشی ایٹو فار ٹرانسپلانٹ پروگرام کے تحت اب تک 2 ہزار 912 ٹرانسپلانٹس کیے جا چکے ہیں، جن میں ایک ہزار 345 رینل، ایک ہزار کوکلیئر، 429 لیور، 70 بون میرو اور 68 کورنئیل ٹرانسپلانٹس شامل ہیں۔

خواجہ سلمان رفیق کے مطابق چیف منسٹرز ڈائیلسز پروگرام کے تحت اب تک 24 لاکھ 84 ہزار سے زائد مفت ڈائیلسز کیے جا چکے ہیں، جبکہ ڈائیلسز کی سہولت کے لیے ہسپتالوں میں 50 ہزار 753 سے زائد مریض رجسٹرڈ کیے گئے ہیں۔

صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ حکومت پنجاب عوام کو صحت کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔

اجلاس میں سیکرٹری محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن عظمت محمود نے ہدایت کی کہ ام پینلڈ ہسپتالوں میں مریضوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں اور انہیں درپیش مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے