لاہور (پنجاب پوسٹ) سندھ سے فرسٹ کامن ٹریننگ پروگرام کورس کے وفد نے پنجاب فوڈ اتھارٹی ہیڈ آفس کا مطالعاتی دورہ کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری ہاؤسنگ، اربن ڈویلپمنٹ اینڈ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ نورالامین مینگل اور ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی منصور احمد نے وفد سے ملاقات کی۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی منصور احمد نے 21 افسران پر مشتمل وفد کو پنجاب فوڈ اتھارٹی کے قوانین، افعال، کارروائیوں اور اقدامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ اس دوران اتھارٹی کے انتظامی و عملی امور پر بھی سیر حاصل گفتگو ہوئی۔ مطالعاتی دورہ کے دوران گریڈ 17 کے افسران کو گورننس اور سروس ڈیلیوری ماڈل کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی منصور احمد نے وفد کو اسکول نیوٹریشن پروگرام، ہیلدی وومین کمپین اور خواتین کے لیے مفت فوڈ سیفٹی ٹریننگ جیسے اقدامات کے بارے میں بتایا۔ وفد کو پی ایف اے ایکٹ، پنجاب پیور فوڈ رولز اور پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ریگولیشنز پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
ملاقات میں پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ریگولیشنز بنانے کے عمل اور فیلڈ آپریشنز کے طریقہ کار پر بھی بات چیت ہوئی۔ وفد کو فوڈ لیبارٹریز کے کام اور لائسنسنگ کے طریقہ کار سے بھی آگاہ کیا گیا۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے وفد میں شامل افسران کے سوالات کے تفصیلی جوابات بھی دیے۔
دورے کے اختتام پر وفد میں شامل افسران نے معیاری خوراک کی فراہمی کے لیے کیے جانے والے اقدامات اور بچوں و خواتین کی اچھی صحت کے لیے جاری پروگرامز پر پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کاوشوں کو سراہا۔











