پنجاب کے سرکاری کالجز میں 3 ہزار روپے ماہانہ فیس پر غیر ملکی زبانیں سکھانے کا فیصلہ، کورین، چینی، جرمن، جاپانی سمیت متعدد زبانوں کے کورسز متعارف

لاہور (پنجاب پوسٹ) پنجاب کے سرکاری کالجز میں طلبہ کو غیر ملکی زبانیں سکھانے کیلئے فارن لینگویج سینٹرز کے قیام کا فریم ورک جاری کر دیا گیا۔ ڈائریکٹوریٹ آف پبلک انسٹرکشنز کالجز پنجاب کی جانب سے جاری مراسلے کے مطابق سرکاری کالجز میں کورین، جرمن، چینی، جاپانی، عربی، فرانسیسی، اطالوی، ہسپانوی اور دیگر منظور شدہ غیر ملکی زبانوں کے کورسز شروع کیے جائیں گے، جبکہ ان کورسز کی ماہانہ ٹیوشن فیس 3 ہزار روپے سے زائد نہیں ہوگی۔

فریم ورک کے مطابق فارن لینگویج سینٹر قائم کرنے کیلئے ڈائریکٹوریٹ سے باقاعدہ اجازت لینا لازمی ہوگا، جبکہ ہر زبان کے کورس میں کم از کم 60 طلبہ کا داخلہ ضروری قرار دیا گیا ہے۔ تمام طلبہ کی رجسٹریشن پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (پی آئی ٹی بی) کے مرکزی ڈیجیٹل پورٹل کے ذریعے کی جائے گی۔ زبانوں کی تدریس کیلئے اہل اور تجربہ کار انسٹرکٹرز بھرتی کیے جائیں گے، جبکہ سینٹرز میں جدید تعلیمی سہولیات اور تیز رفتار انٹرنیٹ کی فراہمی بھی لازمی ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: ایجوکیشن سسٹم میں سپورٹس انقلاب لا رہے ہیں، "ینگ چیمپئنز” کی گرومنگ کیلئے "کھیلتا پنجاب پروگرام” کامیابی سے جاری ہے، وزیر تعلیم

طلبہ کو بین الاقوامی معیار کے مطابق زبانوں کی سرٹیفیکیشن کے مواقع بھی فراہم کیے جائیں گے۔ کورین زبان کیلئے ٹاپک، چینی زبان کیلئے ایچ ایس کے، جاپانی زبان کیلئے جے ایل پی ٹی اور جرمن زبان کیلئے گوئٹے سرٹیفکیٹ سمیت دیگر بین الاقوامی اسناد حاصل کرنے کے مواقع شامل ہوں گے۔

منصوبے کا مقصد طلبہ کیلئے بیرون ملک اعلیٰ تعلیم، اسکالرشپس اور بین الاقوامی روزگار کے مواقع بڑھانا ہے تاکہ غیر ملکی زبانوں میں مہارت کے ذریعے انہیں عالمی سطح پر بہتر مواقع میسر آ سکیں۔ مراسلے میں ڈویژنل ڈائریکٹرز کو موزوں سرکاری کالجز کی نشاندہی کرکے جامع منصوبہ جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ جاری کردہ ہدایات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کا حکم دیا گیا ہے۔

WhatsApp Image 2026 10 14 at 5.52.50 PM

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے