پنجاب کے سپیشل اکنامک زونز میں انرجی سیکٹر میں سرمایہ کاری کیلئے پاور چائنا کا اظہارِ دلچسپی، چوہدری شافع حسین کی ہر ممکن سہولت کی یقین دہانی

لاہور (پنجاب پوسٹ)صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے انرجی سیکٹر سے وابستہ چین کی سرمایہ کار کمپنی پاور چائنا کے وفد نے ملاقات کی۔ پیسک ہاؤس ڈیوس روڈ پر ہونے والی اس ملاقات میں پنجاب کے سپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاری کے مواقع پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔ چینی سرمایہ کار گروپ نے پنجاب کے سپیشل اکنامک زونز میں انرجی سیکٹر میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

ملاقات کے دوران پاور چائنا کے ڈائریکٹر ساؤتھ ایشیا ریجن مسٹر یاؤ چین یانگ نے بتایا کہ ان کے گروپ نے پاکستان کے مختلف شعبوں میں لاکھوں ڈالر کی سرمایہ کاری کر رکھی ہے، جبکہ ان کی کمپنی بھاشا ڈیم پر بھی کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کا گروپ پنجاب کے سپیشل اکنامک زونز میں انرجی سیکٹر میں سرمایہ کاری کا خواہاں ہے۔

صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے کہا کہ پنجاب کے سپیشل اکنامک زونز ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کی پہلی ترجیح بن چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ چین سمیت دیگر غیر ملکی کمپنیوں نے پنجاب میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کر رکھی ہے، جبکہ مزید غیر ملکی کمپنیاں بھی سرمایہ کاری کیلئے آ رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ای وی، توانائی اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

چوہدری شافع حسین نے چینی گروپ کو دعوت دی کہ وہ پنجاب کے کسی بھی سپیشل اکنامک زون میں انرجی سیکٹر میں سرمایہ کاری کرے، حکومت ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب حکومت نہروں پر چھوٹے ہائیڈل پاور پراجیکٹس کی بھی منصوبہ بندی کر رہی ہے، اور پاور چائنا پنجاب کی نہروں پر ہائیڈل پاور کے چھوٹے منصوبے بھی لگا سکتا ہے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ سپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاری پر 10 سال تک انکم ٹیکس میں چھوٹ اور ایک مرتبہ ڈیوٹی فری مشینری کی درآمد کی سہولت دستیاب ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ پنجاب میں غیر ملکی سرمایہ کاروں اور ان کی سرمایہ کاری کو مکمل تحفظ حاصل ہے۔ انہوں نے پاور چائنا پر زور دیا کہ وہ پنجاب میں کھلے دل سے سرمایہ کاری کرے اور خصوصی اقتصادی زونز میں دستیاب سہولتوں سے فائدہ اٹھائے۔

ملاقات میں چیئرمین پیڈمک اعظم شہزاد، سی او او علی معظم، پنجاب ایشیا انویسٹمنٹ اینڈ کوآپریشن آفس کے سربراہ وہاب طارق بٹ، پنجاب بورڈ آف انویسٹمنٹ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عمران ہاشمی اور دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔ پاور چائنا گروپ کے دیگر حکام کے علاوہ ان کے مقامی پارٹنر، سی ای او کماک گروپ آف کمپنیز محمد ارسلان خان اور دیگر بھی ملاقات میں شریک تھے۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے