لاہور (پنجاب پوسٹ) نئے کاروبار کے لیے ایک کروڑ اور موجودہ کاروبار بڑھانے کے لیے 50 لاکھ قرض تک کا اعلان کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیرِ صنعت چوہدری شافع حسین کی صوبائی وزیرِ صنعت پیسک ہاؤس میں پنجاب اسمال انڈسٹریز کارپوریشن کا 137واں بورڈ اجلاس منعقد ہوا، جس میں 14 نکاتی ایجنڈے پر تفصیلی غور کیا گیا۔
اجلاس کے دوران صوبے کے مختلف شہروں میں نئی اسمال انڈسٹریل اسٹیٹس کے قیام کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا، جبکہ لاہور میں نئی انڈسٹریل اسٹیٹس کے لیے اراضی کی نشاندہی بھی مکمل کر لی گئی ہے۔
بورڈ نے گوجرانوالہ میں ایک نیا جدید انڈسٹریل پارک بنانے کی باقاعدہ منظوری دے دی ہے۔
خواتین سرمایہ کاروں اور دستکاروں کو مالی طور پر بااختیار بنانے کے لیے 50 کروڑ روپے کے بلاسود قرضوں کی منظوری دی گئی ہے۔
اسکیم کے تحت خواتین کو 5 لاکھ سے لے کر 1 کروڑ روپے تک کے قرضے فراہم کیے جائیں گے۔
چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروبار کے فروغ کے لیے 50 کروڑ روپے مالیت کے ریوالونگ فنڈ کی بھی منظوری دی گئی ہے۔
اس فنڈ سے نیا کاروبار شروع کرنے کے لیے 1 کروڑ روپے اور پہلے سے قائم کاروبار کی توسعی کے لیے 50 لاکھ روپے تک کا قرض دیا جائے گا














