لاہور (پنجاب پوسٹ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے لائیوسٹاک کارڈ فیز ٹو کا ڈیجیٹل افتتاح کر دیا۔ وزیراعلیٰ نے کارڈ سوائپ کرکے اسکیم کا افتتاح کیا، جبکہ خصوصی تقریب میں لائیوسٹاک ڈیپارٹمنٹ سے متعلق ڈاکومینٹری بھی پیش کی گئی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے لائیوسٹاک کارڈ فیز ون کی ریکوری کا تناسب 96 فیصد ہونے پر مسرت کا اظہار کیا۔ تقریب کے دوران وزیر لائیوسٹاک عاشق حسین کرمانی اور سیکرٹری لائیوسٹاک احمد عزیز تارڑ نے اسکیم کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی بریفنگ دی۔
بریفنگ کے مطابق لائیوسٹاک کارڈ فیز ٹو کے تحت فارمرز کو ہر مویشی کے لیے 27 ہزار روپے فراہم کیے جائیں گے۔ فارمرز اس کارڈ کے ذریعے ونڈا، سائیلیج اور منرل مکسچر سمیت مویشیوں کی متوازن خوراک بلاسود قرض پر حاصل کر سکیں گے۔ اس اسکیم کے تحت دو سال میں 6 لاکھ مویشیوں کو متوازن خوراک فراہم کرکے گوشت کی پیداوار میں اضافہ کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
لائیوسٹاک کارڈ فیز ٹو کے تحت فارمرز کو مجموعی طور پر 16 ارب 20 کروڑ روپے کے بلاسود قرضے فراہم کیے جائیں گے۔ فارمرز صرف اصل زر ادا کریں گے، جبکہ قرض پر سود حکومت پنجاب برداشت کرے گی۔ فارمرز بلاسود قرض کی 25 فیصد رقم اے ٹی ایم کے ذریعے نقد بھی حاصل کر سکیں گے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ لائیوسٹاک کارڈ کے ذریعے مویشیوں کی مفت ٹیگنگ اور منہ کھر کی بیماری سے بچاؤ کے لیے ویکسینیشن کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔ لائیوسٹاک کنیکٹ پورٹل کے ذریعے 23 ہزار فارمرز کو میٹ ایکسپورٹرز کے ساتھ براہ راست منسلک کیا گیا ہے، جبکہ حکومت پنجاب نے گوشت کی برآمدات کے لیے 8 بڑے ایکسپورٹرز کے ساتھ مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے ہیں۔
پامکو کے ذریعے چین، سعودی عرب، خلیجی ممالک، آذربائیجان، ازبکستان اور یورپی منڈیوں میں گوشت کی برآمدات کے لیے بھی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے ہیں۔
بریفنگ کے مطابق پنجاب میں لائیوسٹاک کارڈ کی بدولت خواتین فارمرز کی تعداد 90 سے بڑھ کر ایک ہزار 107 تک پہنچ گئی ہے، جبکہ پنجاب سے جانوروں کی برآمدات میں 43 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ لائیوسٹاک کارڈ کے اجرا کے بعد ایک سال میں گوشت کی برآمدات میں 9 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کا اضافہ ہوا۔
حکام کے مطابق پنجاب میں فارمرز کے لیے 23 ہزار 312 لائیوسٹاک کارڈ تیار کیے گئے، جبکہ ایک ہزار 739 فارمرز نے 70 ہزار سے زائد ٹرانزیکشنز کیں۔ لائیوسٹاک فارمرز نے 2 کروڑ روپے منرلز، 87 لاکھ روپے سائیلیج اور 89 کروڑ 26 لاکھ روپے ونڈے پر خرچ کیے۔
فارمرز کی سہولت کے لیے 24 گھنٹے فعال ہیلپ لائن 080009211 بھی قائم کر دی گئی ہے، جبکہ لائیوسٹاک فارمرز کارڈ کے حصول کے لیے آن لائن پورٹل کے ذریعے خود بھی رجسٹریشن کروا سکتے ہیں۔











