لاہور (پنجاب پوسٹ) وزیراعلیٰ پنجاب کے جیل ریفارمز ایجنڈے کے تحت ناخواندہ قیدیوں کو بنیادی تعلیم حاصل کنے پر 30 دن کی خصوصی سزا معافی دینے کی منظوری دے دی گئی۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے پاکستان پریزنز رولز 1978 میں ترمیم کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق نئے فیصلے کے تحت ناخواندہ سزا یافتہ قیدی منظور شدہ خواندگی پروگرام مکمل کرنے پر 30 دن کی خصوصی سزا معافی کے حقدار ہوں گے۔ اس کے لیے قیدیوں کو پڑھنے، لکھنے اور حساب کتاب کی بنیادی مہارتوں میں قابلیت کا سرٹیفکیٹ حاصل کرنا ہوگا، جو محکمہ خواندگی و غیر رسمی بنیادی تعلیم کے منظور شدہ پروگرام کے تحت جاری کیا جائے گا۔
تعلیمی قابلیت کا سرٹیفکیٹ حاصل کرنے والے قیدیوں کو سپرنٹنڈنٹ جیل کی جانب سے 30 دن کی خصوصی سزا معافی دی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: لاہور کے 111 سکولوں میں ایک بھی بچہ داخل نہ ہو سکا، اساتذہ کی کمی یا نظام کی ناکامی؟
ترجمان کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر صوبے بھر کی جیلوں میں مئی 2026 سے تعلیم بالغاں پروگرام جاری ہے۔ اس پروگرام کے تحت اب تک 19 ہزار 578 قیدیوں کو تعلیم دی جا چکی ہے، جن میں سے 4 ہزار 88 قیدی رہا ہو چکے ہیں، جبکہ پنجاب کی جیلوں میں اب تک 11 ہزار 317 قیدی خواندگی کا امتحان پاس کر چکے ہیں۔
پنجاب کی 43 جیلوں میں قائم 182 لٹریسی سینٹرز میں اس وقت 4 ہزار 173 قیدی زیر تعلیم ہیں، جن میں 3 ہزار 986 مرد، 187 خواتین اور 105 کم عمر قیدی شامل ہیں۔
سیکرٹری داخلہ پنجاب کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب پریزنرز لٹریسی پروگرام کے تحت ناخواندہ قیدیوں کو بنیادی تعلیم فراہم کی جا رہی ہے۔ محکمہ داخلہ قیدیوں کی تعلیم، اصلاح، بحالی اور معاشرے میں دوبارہ شمولیت کے مشن پر عمل پیرا ہے۔
سیکرٹری داخلہ کا کہنا ہے کہ قیدیوں میں تعلیم کا فروغ، خود اعتمادی، نظم و ضبط اور مثبت سوچ پیدا کرنا لٹریسی پروگرام کے اہم مقاصد ہیں۔ تعلیم و تربیت قیدیوں کو رہائی کے بعد دوبارہ جرم سے دور رکھنے میں معاون ثابت ہوگی، جبکہ اس پروگرام کے تحت جیلوں کو اصلاحی مراکز میں تبدیل کیا جا رہا ہے۔











