لاہور (پنجاب پوسٹ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق خصوصی طلبہ کو جدید تعلیمی سہولیات کی فراہمی کے لیے سپیشل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے اقدامات جاری ہیں۔ سیکرٹری سپیشل ایجوکیشن پنجاب شعیب اقبال سید نے ملتان، بہاولپور اور مظفرگڑھ کے سپیشل ایجوکیشن سنٹرز اور تعلیمی اداروں کا دورہ کیا اور انتظامی امور، تدریسی سرگرمیوں اور خصوصی طلبہ کی دیکھ بھال کے انتظامات کا جائزہ لیا۔
دورے کے دوران سیکرٹری سپیشل ایجوکیشن پنجاب نے مختلف کلاس رومز کا معائنہ کیا اور اساتذہ و خصوصی طلبہ سے گفتگو کی۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز سپیشل ایجوکیشن بھی ان کے ہمراہ تھے۔
شعیب اقبال سید نے تعلیمی اداروں میں صفائی ستھرائی، بنیادی سہولیات اور عمارتوں کی باقاعدہ دیکھ بھال یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے خصوصی طلبہ کی حفاظت اور دیکھ بھال کے انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے تمام کلاس رومز میں سکیورٹی کیمروں کی موجودگی اور ان کی درست فعالیت یقینی بنانے پر بھی زور دیا۔
سیکرٹری سپیشل ایجوکیشن پنجاب نے واضح کیا کہ خصوصی طلبہ کی دیکھ بھال میں غفلت اور کوتاہی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور ان کی حفاظت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ سپیشل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے اداروں میں محفوظ اور سازگار تعلیمی ماحول کی فراہمی حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔ خصوصی طلبہ کو معیاری تعلیم، بہتر سہولیات اور محفوظ ماحول کی فراہمی کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔













