لاہور(پنجاب پوسٹ) ٹاؤنشپ کے علاقے میں ٹریفک پولیس کی کارروائی کے دوران ایک ایسا ڈرائیور پکڑا گیا ہے جو اپنی آلٹو گاڑی پر ویگو ڈالے کی نمبر پلیٹ لگا کر شہر میں گھوم رہا تھا۔ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرانے کے لیے اسے تھانہ فیصل ٹاؤن بھجوا دیا گیا ہے۔
ٹریفک پولیس ذرائع کے مطابق ٹاؤنشپ میں تعینات پٹرولنگ افسر ظہیر نے معمول کی گشت کے دوران ایک مشکوک آلٹو گاڑی کو روکا۔ جانچ پڑتال پر معلوم ہوا کہ گاڑی پر لگی نمبر پلیٹ اس کی اصل نہیں بلکہ ایک ویگو ڈالے کی ہے۔
ابتدائی تفتیش میں ملزم نے انکشاف کیا کہ اس نے ای چالان سے بچنے کے لیے گاڑی کے اصل نمبر میں ردوبدل کیا تھا تاکہ خلاف ورزی کی صورت میں چالان اس کے نام پر جاری نہ ہو۔ پولیس کے مطابق اس طرح کی حرکت نہ صرف قانون کی سنگین خلاف ورزی ہے بلکہ اس سے دوسرے شہریوں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، کیونکہ چالان کسی اور کی گاڑی کے نمبر پر جاری ہو سکتا ہے۔
پٹرولنگ افسر ظہیر نے ملزم کو موقع پر ہی حراست میں لے لیا اور گاڑی کو قبضے میں لے کر ضروری کارروائی کے لیے تھانہ فیصل ٹاؤن منتقل کر دیا گیا، جہاں ملزم کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔
سی ٹی او لاہور کا ردعمل
سی ٹی او لاہور نے کارروائی پر پٹرولنگ افسر کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ نمبر پلیٹس سے چھیڑ چھاڑ کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ای چالان سے بچنے کے لیے نمبر پلیٹس تبدیل کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں اور ایسے عناصر کو قانون کے مطابق سخت سزا دلوائی جائے گی۔سی ٹی او لاہور نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنی گاڑیوں کی نمبر پلیٹس درست رکھیں اور ٹریفک قوانین کی پاسداری کریں۔













