جید علماء کرام سعودی عرب اور ایران کا دورہ کریں مجیب الرحمٰن شامی کی تجویز ۔پاکستان ترکیہ ایران سعودی عرب یمن تنازعہ کے خاتمے کیلئے کردار ادا کریں ،لیاقت بلوچ

لاہور(پنجاب پوسٹ)لاہور علماء اکیڈمی کے زیر اہتمام "تحفظ حرمین الشریفین و غزہ فلسطین” کے موضوع پر ایک سیمینار منعقد ہوا، جس کی صدارت علماء اکیڈمی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے کی۔ سیمینار سے نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ، مجیب الرحمٰن شامی اور ڈاکٹر حسین احمد پراچہ نے خطاب کیا۔ امیر جماعت اسلامی وسطی پنجاب محمد جاوید قصوری، خالد احمد بٹ، سید وقاص جعفری، پیر ہارون گیلانی، حافظ عبد الغفار روپڑی اور صاحبزادہ ڈاکٹر انوار احمد بگوی نے بھی اظہارِ خیال کیا۔

نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے کہا کہ حرمین الشریفین پوری دنیا کے مسلمانوں کی عقیدت کا مرکز ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ملتِ اسلامیہ پاکستان حرمین الشریفین کی حفاظت کو اپنی جان سے زیادہ عزیز رکھتی ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ اسلامی تحریکوں اور اکابر علماء کو پابندِ سلاسل کیا گیا ہے۔

ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ امریکہ، اسرائیل اور انڈیا "شیطانی تثلیث” ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم ممالک میں قائم امریکی اڈے ان ممالک کے تحفظ کے لیے نہیں بلکہ مذموم مقاصد کی تکمیل کے لیے ہیں۔

مقررین نے سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان دفاعی معاہدے کا خیر مقدم کیا۔ لیاقت بلوچ نے تجویز دی کہ "مکہ معاہدہ” میں دیگر ممالک کو شامل کرنے کی گنجائش پیدا کی جائے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پاکستان، ترکیہ، ایران اور سعودی عرب یمن کے تنازعے کے خاتمے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔

سینئر صحافی مجیب الرحمٰن شامی نے تجویز پیش کی کہ پاکستان کے جید علماء کرام سعودی عرب اور ایران کا دورہ کریں تاکہ برادر اسلامی ممالک کے درمیان غلط فہمیاں دور کرنے میں مدد مل سکے۔

امیر جماعت اسلامی وسطی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہا کہ صہیونی ایجنڈے کو ناکام بنانے کے لیے امت کا اتحاد ضروری ہے۔ ڈاکٹر حسین احمد پراچہ نے کہا کہ عالمِ اسلام، بالخصوص عرب ممالک کی امیدوں کا مرکز پاکستان ہے۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے