لاہور(پنجاب پوسٹ) محکمہ اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر پنجاب نے جناح اسپتال میں پارکنگ انتظامات میں مبینہ بے ضابطگیوں کے معاملے پر تین افسران کو شوکاز نوٹس جاری کر دیے ہیں۔
نوٹس جاری کیے جانے والوں میں اسپتال کے سابق ایم ایس پروفیسر ڈاکٹر حفیظ معین الدین، سابق ڈی ایم ایس ڈاکٹر ارسلان منیر اور سابق اے ایم ایس ڈاکٹر خالد مسعود شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کی انسپکشن ٹیم نے اسپتال کے اچانک دورے کے دوران پارکنگ انتظامات میں خامیوں کی نشاندہی کی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: چھٹی کے روز پولیس آپریشنز ونگ کی پولیس آپریشنز ونگ،493 کاروائیاں، ملزمان گرفتار
نوٹس میں افسران پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ انہوں نے پارکنگ عملے کی تعیناتی اور انتظامات کی مؤثر نگرانی نہیں کی۔ مزید کہا گیا ہے کہ پارکنگ کی آمدن میں نمایاں کمی کے باوجود بروقت تحقیقات اور اقدامات نہیں کیے گئے، جبکہ پارکنگ وصولیوں اور جمع شدہ رقم کے ریکارڈ میں شفافیت بھی یقینی نہیں بنائی گئی۔
محکمے نے تینوں افسران کو سات روز کے اندر وضاحت پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔ تسلی بخش جواب نہ دینے کی صورت میں پیڈا ایکٹ 2006 کے تحت محکمانہ کارروائی شروع کی جائے گی۔









