راولپنڈی میں این سی سی آئی اے نے آن لائن ویزا فراڈ گینگ گرفتار کر لیا

راولپنڈی(پنجاب پوسٹ)نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے راولپنڈی میں آن لائن ویزا فراڈ میں ملوث ایک منظم گینگ کو گرفتار کر لیا ہے۔ یہ گروہ جعلی ویزوں کے ذریعے شہریوں کو کینیڈا، اٹلی اور دیگر یورپی ممالک بھیجنے کا جھانسہ دیتا تھا۔

کارروائی کے دوران چھ کال سینٹرز کے خلاف ایکشن لیتے ہوئے ایک سو بیس ملزمان کو حراست میں لیا گیا اور آٹھ سو موبائل فونز اور لیپ ٹاپ برآمد کیے گئے۔

ترجمان این سی سی آئی اے کے مطابق گروہ شہریوں کو کینیڈا، اٹلی اور دیگر یورپی ممالک کے ویزوں کی پیشکش کرتا اور انہیں جعلی دستاویزات فراہم کرتا تھا۔

ایڈیشنل ڈائریکٹر نثار احمد خان کے مطابق متاثرین کی تعداد سیکڑوں میں ہونے کا امکان ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قبضے میں لیے گئے موبائل فونز اور لیپ ٹاپ کا فرانزک شروع کر دیا گیا ہے، جس سے مزید شواہد اور متاثرین کی نشاندہی متوقع ہے۔

حکام کے مطابق راولپنڈی میں کام کرنے والے دیگر کال سینٹرز کی مانیٹرنگ بھی شروع کر دی گئی ہے تاکہ ایسے جرائم کی روک تھام کی جا سکے۔اسسٹنٹ ڈائریکٹر رانا محسن نے بتایا کہ یہ کال سینٹرز صرف ویزا فراڈ ہی نہیں بلکہ رومانوی فراڈ اور سرمایہ کاری کے اسکینڈلز میں بھی ملوث تھے۔

نثار احمد خان نے شہریوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اپنا ذاتی ڈیٹا آن لائن کسی کے ساتھ شیئر نہ کریں۔ کسی بھی قسم کی مدد یا شکایت کے لیے شہری این سی سی آئی اے کی ہیلپ لائن 1799 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے