لاہور(پنجاب پوسٹ)ڈائریکٹر جنرل این سی سی آئی اے محمد علی وسیم کی ہدایت پر نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) نے ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے رشتہ دار بن کر شہریوں سے فراڈ کرنے والے 10 رکنی منظم گینگ کو گرفتار کر لیا۔ کارروائی اسلام آباد کے علاقے سوہان گارڈن میں کی گئی، جہاں سے ملزمان کو حراست میں لے کر اہم ڈیجیٹل شواہد بھی قبضے میں لے لیے گئے۔
ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان کا تعلق سندھ سے ہے اور وہ جدید ماسکنگ سافٹ ویئر، غیر ملکی واٹس ایپ نمبرز اور دیگر جدید ٹیکنالوجی استعمال کرتے ہوئے شہریوں کو دھوکا دیتے تھے۔ ملزمان خود کو بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کا قریبی رشتہ دار ظاہر کرتے اور ہنگامی صورتحال، ویزا مسائل یا دیگر جعلی وجوہات بیان کرکے متاثرین سے فوری مالی مدد طلب کرتے تھے۔
یہ بھی پڑھیں:لاہور:ڈکیتی کا بہانہ، نوجوان اوراس کی والدہ پر تشدد، ڈرامہ کیسے بے نقاب ہوا؟
تحقیقات کے مطابق متاثرہ شہریوں سے لاکھوں روپے مختلف بینک اکاؤنٹس میں منتقل کروائے جاتے تھے۔ این سی سی آئی اے کی کارروائی کے دوران محسن، عادل، معشوق سمیت 10 ملزمان کو گرفتار کیا گیا جبکہ ان کے قبضے سے 10 موبائل فون، حساس بینکنگ ڈیٹا، جعلی ٹرانزیکشن سلپس اور دیگر اہم ڈیجیٹل شواہد بھی برآمد کیے گئے۔
ڈائریکٹر محمد علی وسیم کے مطابق ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ فراڈ نیٹ ورک کے دیگر سہولت کاروں، مالی لین دین (منی ٹریل) اور اس گروہ کے مزید روابط کا سراغ لگانے کے لیے تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ سائبر فراڈ میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ شہریوں کو مالی نقصان سے محفوظ رکھا جا سکے۔








