لاہور (پنجاب پوسٹ) نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) لاہور نے ’’منی نادرا‘‘ کے نام سے ویب سائٹ چلانے والے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ کارروائی ڈائریکٹر این سی سی آئی اے پنجاب ڈاکٹر حسام بن اقبال کی خصوصی ہدایات پر کی گئی۔
این سی سی آئی اے کے مطابق گرفتار ملزمان محمد ارسلان اور علی رضا کے قبضے سے تین ٹیرا بائٹ حساس ڈیٹا برآمد کیا گیا، جبکہ ابتدائی تحقیقات میں ایک کروڑ سے زائد شہریوں کا حساس اور ذاتی ڈیٹا غیر قانونی طور پر حاصل کرنے اور فروخت کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔
ملزمان کے قبضے سے سم کارڈ کی ملکیت و رجسٹریشن، سی ڈی آرز، سم ڈیٹا بیس اور شہریوں کی لوکیشن سے متعلق ڈیٹا بھی برآمد کیا گیا۔ برآمد شدہ حساس معلومات میں شہریوں کے فیملی ٹری اور مختلف سرکاری اداروں سے متعلق معلومات بھی شامل ہیں۔
این سی سی آئی اے کے مطابق ملزمان نے ’’منی نادرا‘‘ کے نام سے ویب سائٹ قائم کر رکھی تھی، جس کے ذریعے نادرا سے متعلق معلومات فراہم کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔ ملزمان حساس ڈیٹا کی غیر قانونی خرید و فروخت اور ’’کھوجی‘‘ نامی پلیٹ فارم تک رسائی میں بھی ملوث رہے۔
کارروائی کے دوران ملزمان سے دو موبائل فونز بھی برآمد کیے گئے۔ این سی سی آئی اے کے مطابق برآمد ہونے والے تین ٹیرا بائٹ ڈیٹا کا فرانزک تجزیہ جاری ہے، جبکہ تحقیقات کے دوران مزید افراد کی گرفتاری بھی متوقع ہے۔












