لاہور(پنجاب پوسٹ) بسنت کی تیاریوں کے دوران پتنگ اور ڈور بنانے کے لیے مینوفیکچرنگ لائسنس کا اجراء سست روی کا شکار ہو گیا ہے، جس کے باعث بسنت کے رنگ پھیکے پڑنے کا امکان ہے۔
درخواست گزاروں کا کہنا ہے کہ کئی روز سے درخواستیں جمع کروانے کے باوجود ان کی تصدیق نہیں ہو سکی۔ تصدیق کا عمل مکمل نہ ہونے کے باعث 500 سے زائد لائسنس جاری نہیں ہو سکے۔
مینوفیکچررز کے مطابق لائسنس نہ ملنے کی وجہ سے وہ خام مال خرید سکتے ہیں اور نہ ہی پتنگ اور ڈور کی تیاری شروع کر پا رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ دوسری جانب مٹیریل کی قیمتیں آئے روز بڑھتی جا رہی ہیں۔
کائٹ فلائنگ ایسوسی ایشن نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کی سستی کے باعث اس بار بھی بسنت غریب کی پہنچ سے باہر ہو جائے گی۔ ایسوسی ایشن کے مطابق اگر لائسنسوں کے اجراء میں تیزی نہ لائی گئی تو عوام کو پتنگیں اور ڈور مہنگے داموں خریدنا پڑیں گی۔











