لاہور(پنجاب پوسٹ)ٹریفک پولیس پنجاب نے سال 2026 کے پہلے نو ماہ کے اعداد و شمار جاری کر دیے ہیں، جن کے مطابق صوبے میں جان لیوا ٹریفک حادثات میں 35 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق رواں سال کے دوران غیر مہلک حادثات میں بھی نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ مجموعی طور پر ہونے والے 76 فیصد جان لیوا حادثات میں ڈرائیور کی غفلت شامل رہی۔ تیز رفتاری، بے احتیاطی سے ڈرائیونگ اور غلط اوور ٹیکنگ حادثات کی سب سے بڑی وجوہات رہیں۔
یہ بھی پڑھیں:پبلک ٹرانسپورٹ،رکشوں اور آن لائن کیبز میں 82 ہزار QR پینک بٹن چسپاں
گاڑیوں کے لحاظ سے حادثات
اعداد و شمار کے مطابق پنجاب میں رجسٹرڈ گاڑیوں میں موٹر سائیکلوں کا حصہ 84 فیصد ہے، جبکہ پہلے نو ماہ میں 39 فیصد ٹریفک حادثات موٹر سائیکل سے متعلق تھے۔
کل حادثات میں ٹریکٹر ٹرالی سے متعلق حادثات کی شرح 10 فیصد رہی، جبکہ ٹرک اور بس کی وجہ سے 14 فیصد حادثات پیش آئے۔ چنگ چی اور لوڈر رکشے 6 فیصد ٹریفک حادثات کا باعث بننے والی گاڑیوں میں شامل رہے۔
لائسنس اور چالان
ترجمان کے مطابق جنوری 2026 سے اب تک 67 لاکھ سے زائد ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے گئے، جبکہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر ڈیڑھ کروڑ سے زائد چالان کیے گئے۔
ترجمان نے کہا کہ ٹریفک حادثات میں کمی اور ٹریفک کی روانی مزید بہتر بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:لاہور: سیف سٹی کی مدد سے چوری اور اے ٹی ایم کارڈ کے فراڈ میں ملوث ملزمان گرفتار













