لاہور (پنجاب پوسٹ) وفاقی حکومت نے خیبرپختونخوا میں سول انتظامیہ کی معاونت کے لیے پاک فوج کے دستوں اور وسائل کی تعیناتی کا باضابطہ حکم نامہ جاری کر دیا۔
حکم نامے کے مطابق آئینِ پاکستان کے آرٹیکل 245 کے تحت خیبر پختونخوا میں پاک فوج کی تعیناتی کی منظوری دی گئی ہے۔ وفاقی حکومت نے 11 اکتوبر 2026 کو آئین کے آرٹیکلز 232 اور 234 کے تحت جاری کیے گئے اعلان کی مدت کے لیے فوج کی تعیناتی کی اجازت دی ہے۔
حکم نامے کے مطابق پاک فوج کی تعیناتی کا مقصد شہریوں کی جان و مال اور سرکاری تنصیبات کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔ پاک فوج صوبے میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے اور شہریوں کے تحفظ کے لیے سول انتظامیہ کی معاونت کرے گی۔
حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ گورنر خیبر پختونخوا، جی ایچ کیو کے ملٹری آپریشنز ڈائریکٹوریٹ سے مشاورت کے بعد تعینات کیے جانے والے فوجی دستوں اور وسائل کی تعداد کا تعین کریں گے۔
پاک فوج کی تعیناتی سے متعلق حکم نامہ آئندہ گزٹ آف پاکستان، پارٹ ٹو میں شائع کیا جائے گا۔












