اسلام آباد (پنجاب پوسٹ) وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی عرب کے خلاف کسی بھی جارحیت کو برداشت نہیں کریں گے، مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کی حفاظت ہر مسلمان کے ایمان کا حصہ ہے۔ پاکستان کو نقصان پہنچانے کی ہر کوشش ناکام بنائیں گے، ملک کو لاچار نہیں ہونے دیں گے اور قانون اپنا راستہ اختیار کرے گا۔
وزیراعظم کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردی سے عام شہری متاثر ہوئے ہیں، جبکہ دہشت گردی کا مقابلہ کرتے ہوئے ہمارے بہادر سپوتوں نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے۔ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ہمارا عزم غیر متزلزل ہے۔
مزید پڑھیں: وفاقی کابینہ کا خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج دونوں لگانے کا فیصلہ
وزیراعظم نے کہا کہ افغان سرزمین کا پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال ہرگز قبول نہیں۔ افغان طالبان رجیم پر واضح کیا ہے کہ دہشت گردوں کو روکنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام نے دہشت گردی سے بہت نقصان اٹھایا ہے، لیکن صوبائی حکومت دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کے بجائے خاموش تماشائی بن گئی ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت نے کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کی استعداد کار بڑھانے پر کوئی توجہ نہیں دی، جس کے باعث دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ ہوا۔ دہشت گردوں کا مقابلہ کرنا وفاق کے ساتھ صوبائی حکومت کی بھی ذمہ داری ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ 10 سال میں خیبر پختونخوا حکومت کو دہشت گردی کے خلاف اقدامات کے لیے 800 ارب روپے دیے گئے۔ دہشت گردی کے واقعات کو پس پشت ڈالتے ہوئے اسلام آباد پر چڑھائی کا منصوبہ بنا لیا گیا۔ معاشی استحکام کی کوششوں کو سبوتاژ کرنے کے لیے اسلام آباد پر چڑھائی قابل قبول نہیں، جتھے کے ذریعے چڑھائی کا مقصد ماضی کو دہرانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی پر خاموشی ملک دشمنی کے مترادف ہے۔ پاکستان کو نقصان پہنچانے کی ہر کوشش ناکام بنائیں گے اور ملک کو لاچار نہیں ہونے دیں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے معاملات بات چیت کے ذریعے حل کرنے کو ترجیح دی۔ حکومتی ٹیم نے معاملہ فہمی کے لیے خلوص نیت سے کوشش کی، تاہم وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا مذاکرات میں طے پانے والے مسودے سے پیچھے ہٹ گئے۔ مولانا فضل الرحمان نے مذاکراتی عمل میں کردار ادا کرنے کی حامی بھری تھی۔
شہباز شریف نے کہا کہ کابینہ کو تمام صورتحال پر اعتماد میں لینے کا مقصد مل کر آگے بڑھنا ہے۔ پاکستان کو نقصان پہنچانے کی ہر کوشش ناکام بنائی جائے گی، ملک کو لاچار نہیں ہونے دیا جائے گا اور قانون اپنا راستہ اختیار کرے گا۔











