سرگودھا(پنجاب پوسٹ) سرگودھا میں شہریوں نے آٹے کی قلت اور مہنگے داموں فروخت کی شکایات کی ہیں۔ مبینہ طور پر 15 کلو آٹے کا تھیلا 2200 روپے میں فروخت ہو رہا ہے، جس کے باعث غریب شہری مہنگا آٹا خریدنے پر مجبور ہیں۔
شکایات کے مطابق دیہی علاقوں میں 15 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 2300 سے 2400 روپے تک پہنچ چکی ہے۔ دوسری جانب 10 کلو آٹے کے تھیلے کی سرکاری قیمت 1090 روپے مقرر ہے، مگر شہریوں کو مقررہ نرخوں پر آٹا دستیاب نہیں۔
یہ بھی پڑھیں: عوام کو سستا آٹا فراہم کیا جائے، مریم نواز شدید برہم، 10 ارب کی سبسڈی بھی دے دی
شہریوں کا کہنا ہے کہ صرف مخصوص دکانوں پر سرکاری نرخوں پر آٹا دستیاب ہے، جس پر سوالات اٹھنے لگے ہیں کہ آیا یہ عام شہریوں تک پہنچ بھی رہا ہے یا نہیں۔ غریب خاندان دو وقت کی روٹی کے لیے پریشان ہیں اور مطالبہ کر رہے ہیں کہ ہر دکان پر سرکاری نرخوں پر آٹا فراہم کیا جائے۔
شہریوں نے متعلقہ حکام سے آٹے کی قلت اور مہنگے داموں فروخت کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کمشنر اور ڈپٹی کمشنر سے آٹے کی سرکاری نرخوں پر فراہمی یقینی بنانے کی اپیل کی ہے، جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے آٹے کی قلت کا فوری نوٹس لے کر عوام کو ریلیف دینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔









