لاہور (پنجاب پوسٹ) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں سے گورنر سندھ نہال ہاشمی نے پنجاب اسمبلی چیمبر میں ملاقات کی، جس میں ملکی سیاسی صورتحال، قومی امور اور جمہوری نظام کے تسلسل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ عوامی مسائل کا پائیدار حل بااختیار پارلیمان اور مضبوط جمہوری اداروں سے وابستہ ہے۔ قومی معاملات میں پارلیمانی اداروں کا مؤثر کردار، آئین کی بالادستی اور پارلیمان کی خودمختاری ناگزیر ہے۔
سپیکر ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ عوام کو اسمبلی کی کارروائی اور قانون سازی کے عمل سے آگاہ رکھنا ترجیحات میں شامل ہے۔ صوبائی اسمبلیوں کے درمیان روابط اور پارلیمانی تجربات کا تبادلہ جمہوری نظام کو مزید مستحکم کرتا ہے۔
گورنر سندھ نہال ہاشمی نے پنجاب اسمبلی کے قانون سازی کے عمل اور پارلیمانی طریقہ کار کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ بین الصوبائی ہم آہنگی اور جمہوری اداروں کے درمیان تعاون سیاسی استحکام کے لیے اہم ہے۔ آئین و قانون کی پاسداری اور عوامی فلاح کو ترجیح دینا مؤثر عوامی نمائندگی کا تقاضا ہے۔

ملاقات میں معاونِ خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب برائے زکوٰۃ و عشر راشد نصر اللہ، ممبر اسمبلی رانا ارشد، سیکرٹری جنرل چودھری عامر حبیب، سپیکر کے ایڈوائزر اسامہ خاور اور پرنسپل سیکرٹری عماد حسین بھلی بھی موجود تھے۔











