لاہور (پنجاب پوسٹ) صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے سوسائٹی فار سپیشل پرسنز کی صدر زاہدہ قریشی نے ملاقات کی، جس میں خصوصی افراد کے لیے وہیل چیئرز کی تیاری اور ادارے کی فلاحی سرگرمیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ صوبائی وزیر نے خانیوال میں وہیل چیئرز تیار کرنے کے لیے ادارے کا دوسرا یونٹ قائم کرنے کی غرض سے اراضی اور ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کی ہدایت کر دی۔
پیسک ہاؤس ڈیوس روڈ پر ہونے والی ملاقات میں ممبر پنجاب اسمبلی سلمیٰ سعید ہاشمی، ڈائریکٹر پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن صبیح ذکا اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔ خصوصی افراد کے لیے وہیل چیئرز بنانے والے ادارے کی سربراہ زاہدہ قریشی نے اپنے ادارے کی فلاحی سرگرمیوں سے آگاہ کیا۔
زاہدہ قریشی نے بتایا کہ ملتان میں قائم ان کے ادارے کا یونٹ سالانہ تقریباً 1500 وہیل چیئرز تیار کر رہا ہے۔ سمال انڈسٹریل اسٹیٹ خانیوال میں وہیل چیئرز کی تیاری کے لیے دوسرا یونٹ قائم کرنے کی غرض سے ایک سے دو کنال اراضی درکار ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے ادارے میں ہنرمند خصوصی افراد ہی وہیل چیئرز تیار کرتے ہیں۔
صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے کہا کہ خصوصی افراد کو وہیل چیئرز کی فراہمی سے ان کی نقل و حمل میں آسانی ہوتی ہے اور وہ خودمختار زندگی گزارنے کے قابل بنتے ہیں۔ دکھی انسانیت کی خدمت اور ضرورت مند افراد کی مدد بڑا کارِ خیر ہے، جس میں ہر ایک کو حصہ لینا چاہیے۔ ایسے فلاحی اقدامات کی بھرپور حوصلہ افزائی وقت کی ضرورت ہے۔
یہ بھی پڑھیں: عوام کو سستا آٹا فراہم کیا جائے، مریم نواز شدید برہم، 10 ارب کی سبسڈی بھی دے دی
چوہدری شافع حسین نے کہا کہ حکومت خصوصی افراد کی سہولت اور بحالی کے لیے کام کرنے والے اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے گزشتہ اڑھائی سال کے دوران عوام کی فلاح اور دکھی انسانیت کی خدمت کے لیے ریکارڈ ترقیاتی اسکیمیں شروع کی ہیں، جبکہ حکومتی فلاحی پروگراموں سے صوبے کے عوام کی بڑی تعداد مستفید ہو رہی ہے۔
صوبائی وزیر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ خانیوال میں وہیل چیئرز تیار کرنے کے لیے ادارے کا دوسرا یونٹ قائم کرنے کی غرض سے ضرورت کے مطابق اراضی اور تعاون فراہم کیا جائے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ خصوصی افراد کو وہیل چیئرز فراہم کرنے والے ادارے کو نئے یونٹ کے قیام کے لیے ہر ممکن تعاون دیا جائے گا۔













